جامعہ فاطمۃ الزہرا ململ میں بخاری شریف کے افتتاحی درس سے نئے تعلیمی سال کاآغاز

Published on July 19, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 406)      No Comments

مدھوبنی(یواین پی)شمالی بہار کی علمی و ادبی سرزمین ململ میں قائم لڑکیوں کی تعلیم میں مشہور قدیم ترین دینی درسگاہ جامعہ فاطمۃ الزہرا میں بخاری شریف کے افتتاحی درس کے ساتھ نئے تعلیمی سال کاآغازہوا۔اس موقع پرجامعہ کے شیخ الحدیث مفتی سلیم الدین قاسمی نے دورۂ حدیث شریف کی طالبات کوبخاری شریف کی پہلی حدیث کادرس دیا۔مفتی صاحب نے حدیث کی مناسبت سے طالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ جس عظیم الشان کتاب کاآغازکرنے جارہی ہیں یہ کتاب قرآن کریم کے بعدسب سے صحیح کتاب ہونے کاشرف حاصل ہے۔اسی لئے اس کتاب کواصح الکتاب بعدکتاب اللہ کامقام دیاگیاہے،مفتی صاحب نے پہلی حدیث شریف کی تشریح کرتے ہوئے کہاکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب میں سب سے پہلی حدیث انماالاعمال بالنیات لاکراس جانب اشارہ کردیاہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے انسان اپنی نیتوں کودرست کرلے۔کیوں کہ تمام اعمال کادارومدارنیتوں پرہے،آپ کی جیسی نیت ہوگی ویساہی نتیجہ برآمدہوگا۔آپ طالبات آج ایک مہتم بالشان کتاب شروع کرنے جارہی ہیں،اس کی اہمیت کاتقاضابھی یہی ہے کہ آپ ابھی سے اپنی نیتوں کودرست کرلیں اورخالص اللہ کی رضاکے لئے تعلیم حاصل کریں،آپ کامقصدصرف اورصرف دین اسلام کی خدمت ،اس کی ترویج واشاعت اورسماج ومعاشرہ کی اصلاح ہو،تبھی آپ اس کتاب کے پڑھنے کاحق اداکرسکیں گی۔مفتی صاحب نے مزیدکہاکہ آپ اپنے علاقہ اوراپنے اہل وعیال میں سب سے زیادہ خوش نصیب ہیں کہ اللہ نے ان تمام میں سے دین کاعلم حاصل کرنے کے لئے آپ کومنتخب کیا،اس پرآپ اللہ کاجتنابھی شکراداکریں وہ کم ہے۔مفتی سلیم الدین قاسمی نے کتاب کے باب کی مناسبت سے وحی کے اقسام کی مدلل وضاحت کی اور امام بخاری علیہ الرحمہ کے صبر و استقامت ، عزم و استقلال کا ذکر کرتے ہوئے طالبات کو صبر و استقامت اختیار کرنے کی نصیحت کی ، اور ساتھ ہی ان کے مجاہدانہ کارناموں کو زیر بحث لاتے ہوئے فرمایا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے 10 سال کی چھوٹی سی عمر میں ہی 70000 ہزار احادیث یاد کرلی تھیں ۔تعلیمی سال کے آغاز اوربخاری شریف کے افتتاح کے مبارک موقع پرمدرسہ چشمۂ فیض ململ کے مہتمم اورجامعہ کے بانی وسرپرست مولانا وصی احمد صدیقی قاسمی نے طالبات کو درد بھرے انداز میں خطاب کرتے ہوئےسب سے پہلے انہیں بخاری شریف کے آغاز پرمبارکبادپیش کی۔مولاناصدیقی نے طالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ الحمدللہ آپ جس جامعہ میں تعلیم حاصل کررہی ہیں آج وہ جامعہ کسی تعارف کامحتاج نہیں رہا،یہ آپ کی خوش قسمتی ہے کہ اللہ نے آپ کی تعلیم وتربیت کے لئے قابل،باصلاحیت اورلائق وفائق اساتذہ ومعلمات کی پوری ٹیم موجودہے جوآپ طالبات کی بہترتعلیم وتربیت کے لئے ہمہ وقت مخلصانہ طورپرکوشاں رہتے ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے ان مخلص اساتذہ ومعلمات سے بھرپورفائدہ اٹھائیں،ان کے نقش قدم پرچلنے کی کوشش کریں،ان کے اخلاق وعادات اورطورطریقوں کواپنے لئے اسوہ اورنمونہ بنائیں،انشاء اللہ آپ دونوں جہاں میں کامیاب اورسرخرورہیں گی۔اس موقع پرمولاناصدیقی نے جامعہ کے نوجوان وفعال ناظم مولانافاتح اقبال ندوی قاسمی کونئے تعلیمی سال کے آغازپرمبارکبادپیش کرتے ہوئے انہیں جامعہ کومزیدبلندیوں پرلے جانے کی تلقین کی اورساتھ ہی دعاؤں سے نوازا۔اس موقع پرمولاناصدیقی نے گذشتہ سال کے میٹرک میں اچھے نمبرات سے کامیاب ہونے والی جامعہ کی ہونہارطالبات کومبارکبادپیش کی اوران کی اس کامیابی کے لئے جامعہ کے تمام اساتذہ سمیت جامعہ کے ناظم مولانافاتح اقبال ندوی کودل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی۔
واضح ہوکہ بخاری شریف کی پہلی حدیث دورۂ حدیث شریف کی ممتاز طالبہ من تشاء ناز سلمہانے پڑھی۔جب کہ اس پروگرا م کی صدارت جامعہ کے بانی وسرپرست مولاناوصی احمدصدیقی نے کی ،پروگرام کوہرطرح سے کامیاب بنانے میں جامعہ کے ناظم مولانافاتح اقبال ندوی قاسمی سرگرم رہے۔پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں مدرسہ چشمۂ فیض ململ کے نائب مہتمم اورجامعہ کے نگران اعلیٰ مولانا مکین احمد رحمانی، مولانا معین احمد ندوی ، مولانامحمد اسعد ندوی ، مولانا علی حسن قاسمی ، مولانا عالمگیر قاسمی ، مولانا اشرف علی مظاہری رحمانی، مولانا نورالحسن ندوی، مولانا ارشاد ندوی،قاری وثیق احمدقابل ذکرہیں۔پروگرام کا اختتام شیخ الحدیث مفتی سلیم الدین قاسمی کی رقت آمیزدعاپرہوا ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme