پاکستان کا 71 یوم آزادی (آج)جموں وکشمیر کی دونوں اطراف انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائیگا

Published on August 14, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 1,032)      No Comments

مظفرآباد(یواین پی) پاکستان کا 71 یوم آزادی 14 اگست 1947 ء چاروں صوبوں کی طرح ریاست جموں وکشمیر کی دونوں اطراف انتہائی عقیدت و احترام ، قومی جوش جذبے ، نظریاتی تجدید عہد اور ملی یکجہتی کے ساتھ آج منایا جارہا ہے ، آزاد کشمیر بھر میں جلسے جلوس ، سیمینار ز ، کلچرل شو، تقریری مقابلے ، تصاویری نمائش اور پاکستان زندہ باد جشن آزادی ریلیاں بھرپور اندازمیں نکالی جائیں گی ، جشن آزادی کے سلسلہ میں دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام بڑے چھوٹے شہروں ، قصبوں ، دیہاتوں میں تیاریاں اپنے عروج کو چھونے لگی ہیں ،ہر طرف سبز ہلالی پرچم ، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ، مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال سمیت تحریک پاکستان کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کی تصاویریں آویزاں نظر آرہی ہیں ، قومی ترانوں اور ملی نغموں کی جذباتی دھنوں سے آزاد کشمیر کی فضاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، پاکستان سے رشتہ کیا لا لہ اللہ سے گونج رہی ہیں ،گزشتہ روز آزاد کشمیر بھر میں جشن آزادی کی قومی تقریبات سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کہا کہ سرکاری ، نیم سرکاری اداروں کے زیر اہتمام پروقار تقریبات اور سیاسی جماعتیں بھی پاکستان سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اپنی ریلیاں منعقد کررہی ہیں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام بینک سکوائر چھتر سے نکالی جانے والی ریلی مختلف شاہراؤں سے گزرتی ہوئی آزادی چوک میں پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہو گی، جس کی قیادت پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کرینگے ، شوکت جاوید میر نے کہا کہ 14 اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر نئی جمہوری پارلیمنٹ کا قیام قومی مفاد میں خوش آئند تسلسل ہے جو تحریک آزادی کشمیر کی جمہوری ، پرامن جدوجہد کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر ، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی بریک تھرو ہو گا، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے جملہ منتخب معزز ممبران اسمبلی کو اہل کشمیر جشن آزادی کے اس تاریخ ساز موقع پر تمام سیاسی ، فروعی اختلافات بھلا کر ریاست پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا غیر مشروط تعاون اور مبارکباد پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس جمہوریت اور آئین کے نشان میں پہلی بار منتخب ہو کر داخل ہوئے ہیں جس کا سنگ بنیاد ان کے شہید نانا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا اور آج انتقال اقتدار کے جمہوری سفر کی کامیابی میں ان کی شہید والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو ، مادر جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو اور ان کے لاتعداد نظریاتی پیرو کاروں کی لہو رنگ جدوجہد شامل ہے ، شوکت جاوید میر نے کہا اس موقع پر ہم بہادر افواج پاکستان ، قومی سلامتی کے اداروں ، دو قومی نظریے کی بناء پر مملکت خداداد پاکستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم سپوتوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اسی طرح تحریک آزادی کشمیر کے ان لاکھو ں شہداء جنہوں نے اپنا آج آنے والی نسلوں کے کل پر قربان کیا ، کو بھی اس عظیم جدوجہد کا ہیرو قرار دیتے ہیں ، ریاست جموں وکشمیر میں کشمیری پاکستان کے ساتھ والہانہ عقیدت و محبت رکھتے ہیں جنہوں نے اپنی لازوال قربانیوں کا نشان منزل پاکستان کو تصور کررکھا ہے ، اسی لئے بھارت کی آٹھ لاکھ قابض افواج ،پیرا ملٹری ٹروپس ، ریاستی دہشت گردی ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، کالے قوانین کے ذریعے ان کی خونریزی میں دنیا کے سامنے شب و روز مصروف ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سمیت ساری عسکری سیاسی قیادت ، بنیاد پرست میڈیا تمام حربوں سے ناکامی کے بعد دفعہ 35 اے میں ترمیم کر کے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی عالمی منظم سازش کو پروان چڑھا رہا ہے جس کو ناکام بنانے کے لئے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنی شناخت اور تشخص کا تحفظ کریں ۔ 

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes