انجینئرخالد جاوید کی رہائش گاہ پر قیام پاکستان کی 71ویں سالگرہ کی تقریب

Published on September 3, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 490)      No Comments

جدہ( زکیر احمد بھٹی) پاکستانی برادری کی دینی اور سماجی حلقوں کی مقبول شخصیت انجینئرخالد جاوید نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان کے قیام کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر وطن عزیزکی محبت میں سرشار ایک مختصر مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ جس کے مہمان خصوصی سابق سعودی سفارت کار ، جنوب ایشاء امور کے ماہر اور معروف انگریزی کالم نگار ڈاکٹر علی الغامدی تھے جبکہ صدارت پاکستان ریپٹریشن کونسل (پی آر سی) کے ڈپٹی کنوینراورعالمی اردو مرکز کے جنرل سکریٹری حامد الاسلام خان نے کی۔
میزبان خالد جاوید نے آیات ربانی کی تلاوت کے بعد مہمانوں کے لیے خیرمقدمی کلامات ادا کیے تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا میں کئی فلاحی تنظیموں سے منسلک ہوں اور میں اپنے علم و تجربے کو اپنے ملک کے لیے استعمال کرنے کا خواہش مند ہوں۔معروف نعت خواں شیخ خلیل نے بارگاہ رسالت ؐ مین ہدیہ نعت پیش کی۔
تقریب میں کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی جس میں عالمی اردو مرکز کے صدر اطہر نفیس عباسی،کمیونٹی کے سرگرم رکن محمد آغا اکرم ، سماجی رابطہ کمیٹی کے صدر شمس الدین الطاف، میڈیا کے نمائندے اور دیگر شامل تھے۔ ڈاکٹرعلی احمد الغامدی نے اپنے صدارتی خطاب میں پاکستانیوں کے جذبہ ملی کی تعریف کی اور انھیں یوم الوطنی کی مبارکباد دی۔انھوں نے بنگلادیش میں محصور محب وطن پاکستانیوں کو بھی داد تحسین پیش کیا جو اپنے کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی کے باوجود پاکستان کا پرچم بلند کئے ہوئے ہیں۔
حامد الاسلام نے 71یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے پوری مسلم امہ کو امیدیں وابستہ ہیں۔ ہم دعاگو ہیں اللہ تعالی انکو کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔انھوں نے عمران خان سے اپیل کی کہ وہ محصورین اور کشمیریوں کے مسئلے پر فوری توجہ دیں۔ممتاز شاعراطہر نفیس عباسی نے یوم آزادی کے حوالے سے اپنا منظوم کلام پیش کیا۔ محمد امانت اللہ نے فکاھیہ کالم پیش کیا جسے حاضرین محفل نے بہت سراہا۔اخر میں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور محفل کا اختتام پرتکلف عشائیہ پرہوا۔تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کے رکن سید مسرت خلیل نے سر انجام دیئے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题