آبی ذخائر ناگز یر ہیں‘عوامی جوش و جذبے کی ضرورت ہے‘عمران خان 

Published on September 18, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 212)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جوش و جذبے کی ضرورت ہے‘فوری طور نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو آئندہ 7سالوں تک ملک کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘بھاری قرضوں کی وجہ سے ڈیم کی تعمیر کیلئے قرضہ ملنا مشکل ہے۔پیر کو وزیراعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی ،جس میں لاہور چیمبر آف کامرس وفد نے ڈیم فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے، عطیے کا چیک لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ہمراہ پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے لاہور چیمبر آف کامرس کے عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔انہوں نے آبی بحران کو ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو آئندہ سات سالوں تک ملک کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود بھاری قرضوں کی وجہ سے ڈیم کی تعمیر کے لیے قرضہ ملنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو کئی معاشی چیلنجز درپیش ہیں مگر سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ آبی ذخائر میں صرف 30دن تک پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے جبکہ عالمی معیار کے مطابق ایک ملک میں پانی ذخیرہ رکھنے کی صلاحیت کم از کم 120دن ہونی چاہیے لہذا ملک میں ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم کے بہترین اکنامک ویژن کی بدولت ملک نہ صرف جلد ہی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہو جائیگا بلکہ جنوبی ایشیا میں معاشی لیڈر کے طور پر ابھرے گا ۔انہوں نے وفاقی کابینہ کیلئے بہترین پروفیشنل اور قابل ٹیم کے انتخاب پر وزیراعظم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم ممبران ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی طرف سے کاروباری مشاورت کونسل کے قیام سے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کے صنعتی شعبے ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔ٹیکس کے نظام میں زمینی حقائق اور سٹیک ہولڈز کے ساتھ مشاورت کے بعد اصلاحات کی ضرورت ہے۔ وفد میں شاہ رخ جمال بٹ، عبدالباسط، محمد ندیم قریشی ، محمد ارشد چوہدری ، میاں محمد نواز، علی حسام اصغر ، اویس سعید پراچہ ، چوہدری طاہر منظور، تہمینہ سعید چوہدری، محمد وسیم، محمد خلیق ارشد ، محمد بشیر ، ادیب اقبال شیخ، فہیم الرحمن سہگل ، محمد نعیم حنیف، محمد چوہدری ، ملک کلیم احمد، شیخ ظفر اقبال، چوہدری اورنگزیب اسلم، سلمان باسط ، طلحہ طیب بٹ، مدثر مسعود چودھری اور شاہد خلیل شامل تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes