ن لیگ نے شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی قرار دے دی

Published on October 5, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 193)      No Comments

لاہور (یواین پی) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے شہبازشریف کی گرفتاری کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی قرار دے دیا۔شہبازشریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر اپوزیشن لیڈرکی گرفتاری خلاف قانون ہے، سیاسی مخالف پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی قوم کا نقصان کرچکی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے میں مزید کہا گیاہےکہ شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کی، چین اور ترکی سمیت جس کو ساری دنیا نے شاباش دی اور اس کی مثال دی، نیب نے اسے گرفتار کرلیا۔پارلیمانی پارٹی کا کہنا ہےکہ سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بدقسمت تاریخ دہرائی جارہی ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ حکومت (ن) لیگ سے کتنی خوفزدہ ہے، آزادانہ غیر جانبدارانہ الیکشن کو مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔(ن) لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ مشرف کے ستم کو (ن) لیگ کی قیادت،کارکنوں نےجرات اور بہادری سےگزارا، مسلم لیگ (ن) تمام صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، قائدین کی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہےکہ (ن) لیگ کی قیادت کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme