حیدرآباد شہر کی خوبصورتی ترقی اور بحالی کے کام ترجیحات میں شامل ہیں سید اعجاز علی شاہ 

Published on November 17, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 316)      No Comments

حیدرآباد(رپورٹ*جنید علی گوندل)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ کیوں کہ حیدرآباد ہمارا شہر ہے جس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے یہ بات انہوں نے آج اوورسائیٹ کمیٹی مینٹیننس اینڈ ری ہیبلیٹیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو صوبے کا مثالی شہر بنانے کی خواہش ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے ایماندار ٹھیکیداروں کو میرٹ کی بنیادوں پر دیں اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ برداشت نہ کریں کیوں کہ ترقیاتی کام عوام کی سہولیات کے لیے ہوتے ہیں پریشان کرنے کے لیے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر سمجھوتا نہ کیا جائے اور جاری ترقیاتی اسیکموں کو بروقت مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت سندھ نے شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور کے بقیہ کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کی سمری منظور کر لی ہے ۔ جس پر انہوں نے محکمہ پرووینشل ہائی ویز کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر بقیہ کام کو مکمل کریں ۔ اجلاس میں محکمہ بلڈنگس کے سپرنٹینڈنٹ انجینیرحیدرآباد اختر حسین ڈاوچ نے ایم اینڈ آر کے تحت جاری اور مکمل کی جانے والی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق تفصیلی آگاہی دی ۔ اجلاس میں محکمہ پرووینشل ہائی ویز کے سینیر انجینیر امیر اعظم وسان نے ایم اینڈ آر کے تحت شروع ہونے والی 12 سے زائد اسکیموں کے حوالے سے تفصیلات پیش کی جو کہ کمیٹی کی جانب سے منظور کی گئی ۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون محمد عثمان طاہر ، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حیدرآباد عامر حسین جتوئی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ 
عدالتی اور پولیسنگ نظام کھلے عام مضرصحت مین پوری، گٹکا بنانے اوربیچنے والوں کو سزا دینے سے قاصر 
حیدرآباد(رپورٹ*علی رضا رانا )انسان دوست فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعیم نورانی، جنرل سیکرٹری فقیرمحمد قریشی، ظہیرانصاری، آغاامتیاز علی، آصف قائم خانی، ملک رمضان، زاہد شیخ، بلال ناغڑ، اسد شیخ،اسحاق گوپانگ و دیگر نے کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ عدالتی اور پولیسنگ نظام کھلے عام مضرصحت مین پوری، گٹکا بنانے اوربیچنے والوں کو سزا دینے سے قاصر ہے اور حیدرآباد میں پولیس کی کالی بھیڑوں کی زیرسرپرستی کھلے عام مضرصحت مین پوری، گٹکاکی تیاری و فرخت جاری ہے اور پولیس کمزور دفعات کے تخت مقدمات درج کرتی ہے اور اگلے دن وہ عدلیہ سے باعزت شہری کا سرٹیفکٹ لیکر آجاتا ہے اور پھر وہ مزیددھڑلے کے ساتھ مضرصحت مین پوری، گٹکا کی ڈبل مقدار فروخت کرناشروع کردیتا ہے جس سے اعلیٰ عدلیہ کے مضرصحت مین پوری، گٹکا پرپابندی کے احکامات کی تضحیک ہوتی ہے اور مضرصحت مین پوری، گٹکاسے متاثر منہ اور جگر کے کینسر کے مریضوں میں مزید تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،انھوں نے کہا کہ بالخصوص پنیاری اور لطیف آباد بی سیکشن پولیس اسٹیشنز کی حدود میں مضرصحت مین پوری، گٹکاکی تیاری و فروخت کی کھلے عام چھوٹ دے دی گئی ہے،جہاں سے صوبہ بھر میں مضرصحت مین پوری، گٹکاکی سپلائی جاری و ساری ہے،پھلیلی پریٹ آباد، مسلم ٹاؤن،انصاری محلہ، غوثیہ مسجد، لطیف آبادکے تمام یونٹس ، مکی شاہ، ممتاز کالونی ،اسلام آباد،سمیت پورے حیدرآباد میں مضرصحت مین پوری، گٹکاکی فروخت جاری ہے اور پولیس ،محکمہ صحت، فوڈ ڈیپارٹمنٹ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انھوں نے ذمہ دار اداروں کو متنبہ کرنے ہوئے اعلان کیا کہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے فوراً بعد انسان دوست فاؤنڈیشن ، حیدرآباد سماجی اتحاد اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے مضرصحت مین پوری، گٹکا عدلیہ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیلئے ایس ایس پی آفیس حیدرآباد سے پریس کلب حیدرآباد احتجاجی واک کاانعقاد کیاجائے گا۔انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے مبینہ کوتاہی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے
حیدرآباد پریس کلب پر مختلف تنظیموں اور افراد کے اپنے مطالبات کی حمایت میں الگ الگ مظاہرے 
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد پریس کلب پر مختلف تنظیموں اور افراد نے اپنے مطالبات کی حمایت میں الگ الگ مظاہرے کئے۔ہٹڑی پولیس کی جانب سے چوکی قائم کرکے بھتہ وصول کرنے کے خلاف اسریٰ یونیورسٹی ہسپتال کے باہرسے سواریاں اٹھانے والے رکشہ ڈرائیوروں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر آغاشفیق شاہ ،مجاز حسین،شفیع محمد اور دیگر نے آئی جی سندھ ،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سے اپیل کی کہ ہٹڑی تھانہ کی پولیس کے اس عمل کا نوٹس لیکر ہمارے روز گار کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے بتا یاکہ ہٹڑی تھانہ کی پولیس نے غیر قانونی پارکنگ قائم کرکے اپنے پرائیوٹ لوگوں کو وہاں کھڑا کر دیا ہے جوکہ ایک پولیس اہلکار جھنڈو کی رہنمائی میں ہر رکشہ ڈرائیور سے فی چکر 20روپے بھتہ طلب کر رہے ہیں ،انہوں نے بتا یاکہ دو روز قبل ہٹڑی تھانہ کے ہیڈ محرر نے اسراء اسپتال کے سامنے پہنچ کر تمام رکشہ ڈرائیوروں کو فی چکر پر 20روپے بھتہ دینے کا حکم دیا اور بھتہ نہ دینے والے ڈرائیوروں کو رکشہ سمیت گرفتار کرکے تھانہ لے جانے کی دھمکیاں دیں ، رکشہ ڈرائیوروں نے بتا یاکہ ہم غریب مزدور ہیں مہنگائی کے اس دور میں بڑی مشکل سے اپنے بچوں کی کفالت کر رہے ہیں اور پولیس ہمیں تحفظ دینے کے بجائے خود بھتہ لینے پر اُتر آئی ہے ،انہوں نے کہاکہ ہٹڑی پولیس کی دھمکیوں کے سبب ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے اس احتجاج کے بعد ہٹڑی پولیس انتقامی کاروائی کرتے ہوئے ہمارے رکشے پکڑ کر تھانہ میں کھڑے کر کے ہمیں بے روز گار کردے گی ۔پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سید علی مردان شاہ کے خلاف عمر کوٹ کی رہائشی نہڑی برادری کے نوجوانوں کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر ایڈوکیٹ میر نہڑی ،صدام نہڑی ،شاہنواز امام نہڑی نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لیکر نہڑی برادری کے افراد کو تحفظ اور انصاف فراہم کر کے ایم اپی اے کے خلاف قانونی کاروائی کیاجائے ۔انہوں نے بتا یاکہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سید علی مردان شاہ نے نہڑی برادری کا ارباب گروپ سے تعلق ہونے کی وجہ سے انتقامی کاروائیاں شروع کر دی ہیں اور حال ہی میں نہڑی برادری کے شخص غلام نبی شاہ نہڑی کی شہر میں واقع دکان کو مسمار کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی نہڑی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے خلاف بلا جواز جھوٹے کیس بھی درج کئے جارہے ہیں جبکہ احتجاج کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔سحر ش نگر کے رہا ئشیوں کی جانب سے 25روز قبل مبینہ اغو اء ہو نے والے نوجوان سجاد علی عرف موتی ڈاوچ کی بازیابی کیلئے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔اس موقع پر مبینہ مغوی نوجوان سجاد علی کے والد سکندر علی ڈاوچ نے اعلیٰ حکام سے مطا لبہ کیا کہ معاملے کا نو ٹس لیکر میرے بیٹے کو با زیا ب کر اکر انصاف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے بتا یاکہ میرا بیٹا شہباز بلڈنگ میں اپنی خالہ کے گھر رہتا تھا جہاں 25اکتوبر2018ء کویعقوب جتوئی نامی شخص اسے کام دلانے کے بہانے کوٹری لے گیا جس کے بعد سے اب تک میرا بیٹا گھر نہیں آیا ہے اور ہمیں معلوم ہوا ہے کہ میرے بیٹے کو اغواء کیا گیا ہے جس پر ہم نے اپنے بیٹے کے اغواء کا کیس کینٹ تھانہ پر ملزمان کے خلاف درج کرایا ہے لیکن پولیس نے ابتک بیٹے کو بازیاب نہیں کرا یا ہے ۔قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے طالبعلم سندیپ کمار کو جبری لاپتہ کئے جانے کیخلاف ورثاء اوریونیورسٹی کے طلباء نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر وشال کمار،لیلت کمار نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف کے اداروں سے اپیل کی کہ قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے طالبعلم سندیپ کمار کو فوری بازیاب کرا یا جائے اور اسے جبری لاپتہ کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی جائے ۔انہوں نے بتا یاکہ طابعلم سندیپ کمار کوقائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے مرکزی دروازے سے زبردستی اٹھا کر لاپتہ کیا گیا ہے جس کا ابتک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے ،انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ انتظامیہ نے بھی خاموشی اختیار کرکے واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کر ہی ہے ۔سپاف کے زیر اہتمام سندھ یونیورسٹی جامشورو کے طلباء کی جانب سے کلاسوں میں کرسیاں نہ ہونے اور دیگر سہولتیں نہ ملنے سمیت وی سی کی کرپشن کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین وی سی ڈاکٹر فتح محمد برفت کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے ، اس موقع پررحیم بخش مزاری اور دیگر طلباء نے بتا یاکہ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے مختلف شعبوں کے کلاس روم چھوٹے ہیں جن میں فرنیچر بھی نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ طلباء و طالبات پینے کے صاف پانی سے لیکر دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں جبکہ یونیورسٹی کے وی سی فتح محمد برفت کرپشن میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے سندھ یونیورسٹی جیسا مادر عملی ادارہ تباہ ہو رہاہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وائس چانسلر کی کرپشن کی تحقیقات کر اکر یونیورسٹی کو تباہ و برباد ہو نے سے بچایاجائے ۔ٹنڈو جام کی رہائشی مسماۃ نیلم زوجہ ماجد گوہر راجپوت نے باپ کی ملکیت سے حصہ نہ ملنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایاکہ میرے والد محمد صادق سموں فوت ہو چکے ہیں جس کے بعد میری ماں رخسانہ پروین میرے حصے کی رقم6لاکھ روپے مجھے دینے سے انکار کر رہی ہے جبکہ میرا ماموں مجھے اپنے حصے کی رقم مانگنے پر مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہاہے جس کے بعد میں نے متعلقہ پولیس تھانہ جا کر پولیس اور انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن مجھے میرا قانونی حق نہیں دیاجارہاہے ،انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیکر باپ کی ملکیت سے میرا قانونی حصہ مجھے دلواکر تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
ماورائے عدالت اقدامات کرکے پی پی شہید بھٹو کے رہنماؤں سمیت بے گناہ لوگوں کو قتل کیاجارہاہے سردار تاج محمد ڈومکی 
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو)کے صوبائی صدر سردار تاج محمد ڈومکی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماورائے عدالت اقدامات کرکے پی پی شہید بھٹو کے رہنماؤں سمیت بے گناہ لوگوں کو قتل کیاجارہاہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت انصاف کے ادارے ملک اور سندھ کے غریب اور بے سہارا لوگوں کو سستا اور دہلیز پر انصاف فراہم نہیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح ایک سامراجی سوچ رکھنے والی عوام دشمن حکومت ہے جو کہ عوام کے مسائل حل کرنے میں نکام نظر آتے ہیں ،عام آدمی سخت مشکلات کا شکار ہے اور آبادگاروں کو بھی اُن کا حق نہیں مل رہاہے انہوں نے کہاکہ 22نومبر کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز میں کامریڈ شہید شاہنواز بھٹو کی سالگرہ جوش و جذبہ کے ساتھ منائی جائے گئی جبکہ30نومبر کو پارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کے موقع پر 71کلفٹن کراچی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں سندھ بھر سے کارکنان کے قافلے شرکت کریں گے ۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری عبدالمجید سیال،اطلاعات سیکریٹری ایڈوکیٹ پیرل مجیدانو،پرویز بلوچ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme