صدر جم خانہ کلب حیدرآباد اور رہنما پی ٹی آئی جاوید جونیجو انتقال کرگئے

Published on December 19, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 780)      No Comments

حیدرآباد(رپورٹ*جنید علی گوندل) گورنر سندھ کی حیدرآباد آمد ، جاوید جونیجو کی نماز جنازہ میں شرکت، سندھ کے سابق بیوروکریٹ ،جم خانہ کلب حیدرآباد کے صدر اور پی ٹی آئی کے رہنما جاوید جونیجو کا انتقال ہو گیا انہیں گذشتہ روز دل کا دورہ پڑا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا ان کی نماز جنازہ سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی کی جامع مسجد کے باہر گول پارک میں ادا کی گئی جس میں گورنر سندھ عمران اسمعٰیل ، پی ٹی آئی کے رہنما صداقت جتوئی، مسلم لیگ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ ، ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی ، سندھ آباد گار بورڈ کے ڈاکٹر ذوالفقار یوسفانی ، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت ، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منیر جونیجو ،سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی، پی ٹی آئی حید آباد کے مقامی رہنماؤں ، سیاسی کارکنوں ، آبادگاروں ، تاجروں اورصنعت کاروں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی گورنر سندھ عمران اسمعیٰل نے مرحوم جاوید جونیجو کے صاحبزادے اور پی ٹی آئی حیدرآباد کے صدر امید علی جونیجو ، دوسرے صاحب زادے اسد جونیجو سے اظہار تعزیت بھی کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی جاوید جونیجو حیدرآباد کی مقبول شخصیت تھے وہ کئی مرتبہ سندھ میں مختلف سرکاری محکموں کے سربراہ اور سکریٹری بھی رہے جبکہ جم خانہ کلب کے کئی مرتبہ سکریٹری و صدر بھی منتخب ہو ئے وہ گذشتہ سال پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ وزیر اعظم عمران خان کی حیدرآباد آمد کے موقع پر تحریک انصاف میں شامل ہو ئے تھے جب کہ ان کا ایک بیٹا امید علی جونیجو ضلع حیدرآباد کا صدر بھی ہے انہیں گذشتہ روز دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا مرحوم کی تدفین کینٹ قبرستان میں عمل میں آئی ہے ۔

سردی میں اضافہ کے بعد حیدرآباد کے لنڈا بازار کی رونقیں بڑھ گئیں 
حیدرآباد(رپورٹ*علی رضا رانا) سردی میں اضافہ کے بعد حیدرآباد کے لنڈا بازار کی رونقیں بڑھ گئیں ، حیدرآباد میں گذشتہ ہفتہ شروع ہونے والی سرد ہوائیں بدستور اپنا رنگ دکھا رہی ہیں اگرچہ اس سال موسم سرما کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے لیکن کوئٹہ سے آنیوالی یخ بستہ ہواؤں نے عوام کو گرم کپڑے پہننے اور گرم غذائیں کھانے ، سوپ و کافی پینے پر مجبور کردیا ہے وہیں شہریوں نے لنڈے بازار کا بھی رخ کیا ہے غریب و متوسط عوام ہی نہیں لنڈے بازار میں بعض صاحبِ حیثیت افراد کو بھی گرم کپڑوں کی خریداری کرتے دیکھا گیا ہے لنڈے بازار سے خریداری کرنے والے ایک تاجر کا کہنا تھا کہ و ہ یہ کپڑے میں جس میں کمبل، کوٹ اور سوئیٹر وغیرہ شامل تھے غریب لوگوں کو دینے کے لیے خرید رہا ہے جبکہ ایک شخص اپنے بکروں کو گرم سوئٹرپہنانے کے لیے خریداری کررہا تھا حیدرآباد میں اگرچہ درجنوں مقامات پر بیرون ملک سے آئے ہوئے پرانے گرم کپڑوں ٹھیلے لگے ہو ئے ہیں لیکن گدو چوک ، لطیف آباد بورڈ آفس کا علاقہ ، اسٹیشن کے قریب قلعہ سے متصل علاقہ ، سٹی کالج کے سامنے ڈومنوا روڈ اور حیدرچوک لنڈے بازار کا خاص منظر پیش کررہے ہیں ان مقامات پر سستے ، معیاری اور سرد موسم کا مقابلہ کرنے والے کپڑے فروخت ہو رہے ہیں ان میں خواتین و بچوں کے ملبوسات بھی شامل ہیں ایک دکاندار نے اے پی پی کو بتایا کہ بازار سرد پڑا تھا لیکن جب موسم سرد ہوا تو بازار گرم ہو گیا ہے باچا خان چوک پر ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ و ہ اس سال بہت مایوس تھا کیونکہ اس نے پرانے کپڑوں کی بڑی خریداری کرلی تھی لیکن گاہک بازار کا رخ ہی نہیں کررہا تھا اب کپڑے فروخت ہو رہے ہیں اور اسے خوب نفع مل رہا ہے ایک دکاندار نے کہا کہ حیدرآباد ہی نہیں اب تو بیرون شہر سے بھی خریدار آرہے ہیں زیاد ہ تر لوگ سوئٹرز اور جیکٹس خرید رہے ہیں جس میں چمڑے کی جیکٹ زیاد ہ فروخت ہورہی ہے سٹی کالج ڈومنوا روڈ کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ اس بازار سے غریب سے غریب آدمی اپنی ضرورت اور پسند کی خریداری کرتا ہے اور امیر آدمی بھی اچھے کوٹ ، مفلر اور سوئٹرز لے جاتا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر اور جنوری زیادہ سرد رہیں گئے گذشتہ شب بھی درجہ حرارت حیدرآباد اور اسکے مضافات میں 7درجہ کے قریب تھا اور مزید سردی بڑھے گی۔

سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینج کا اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
حیدر آباد(بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کاروائی سے متعلق مقدمہ کی سماعت ، عدالت کا مہم تیز کرنے کا حکم ، سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کاروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی عدالت میں ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ ڈاکٹر مبین میمن پیش ہو ئے انہوں نے اتائی ڈاکٹرز سے متعلق کاروائی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس کے بعد عدالت عالیہ نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے محکمہ صحت سندھ کو حکم دیا ہے کہ بدین ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الہیار اور میر پورخاص میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور 2دن میں اسکی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

فتح یقیناًحق پرستوں کا مقدر ہوگی کیونکہ سچائی اور حق پرمبنی جدوجہد کامیاب ضرور ہوتی ہے‘ظفر احمد صدیقی
حیدر آباد(بیورو رپورٹ)فتح یقیناًحق پرستوں کا مقدر ہوگی کیونکہ سچائی اور حق پرمبنی جدوجہد کامیاب ضرور ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے حیدر آباد میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے امیدوار برائے حق پر ست یوسی چیرمینز 21اور53میں جاری انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کارکنان سے گفتگو میں کیااس موقع پر ایم کیوایم حیدر آباد کے سینئر جوائنٹ آرگنائزر نوید عباسی ،جوائنٹ آرگنائزر افتخار قائم خانی ،عمرالوری ،سعید عزیز اوراراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی سمیت حق پرست بلدیاتی امیدوار برائے یوسی چیرمینز بھی انکے ہمراہ تھے انہوں نے مزید کہاکہ سچائی اور حق پر مبنی جدوجہد میں مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر کامیاب صرف وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے نظریہ پر عمل پیرا رہتے ہیں اور تنظیمی نظم و ضبط کی پابندی کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم سے وابستہ کارکنان کا شمار ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جو ہر مصائب و مشکلات کا سامنا ہمت اور حوصلوں سے کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے نامزد امیدواران عوامی خدمت سے سرشار ہیں اور ایسے عوامی نمائندے ایم کیوایم اور ملک کی نیک نامی کا سبب بنتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تمام تر مصائب اور مشکل حالات کے باوجود ایم کیوایم کے کارکنان متحدہوکرحق پرست نمائندوں کوکامیاب بنانے کیلئے کام کرنا قابل ستائش ہے انہوں نے حق پرست بلدیاتی نمائندوں کی انتخابی مہم میں مصروف کارکنان کو شاباشی ددیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کا اتحاد حق پرستوں کی کامیابی کا پیغام ہے ۔ 

ملک کے دوسرے شہروں کی طرح حیدرآباد اور سندھ کے دوسرے شہروں بھی زیادہ سے زیادہ ایس ایم ای بینک کی برانچیں کھولی جائیں‘ محمد فاروق شیخانی
حیدر آباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں صنعتی اور تجارتی ترقی کے فروغ کے لیے چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والے صنعتکاروں، تاجروں اور گھریلو صنعتوں کے لیے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز بینکوں کے ذریعے کم سے کم مارک اَپ اور آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ اور برآمدی پیمانے پر مینوفیکچر اور معیاری پیکنگ کر کے قومی زرمبادلہ کے زیادہ سے زیادہ حصول کا ذریعہ بنیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے دوسرے شہروں کی طرح حیدرآباد اور سندھ کے دوسرے شہروں بھی زیادہ سے زیادہ ایس ایم ای بینک کی برانچیں کھولی جائیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اِس سلسلے میں فوری اقدام کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی چھوٹی صنعتیں اور گھریلو دستکاری کی مصنوعات کی مانگ یورپ، افریقن ممالک اور دیگر خطوں میں بڑھتی جارہی ہے۔ لیکن یہ صنعتکار طلب کے مقابلے میں مطلوبہ مال اِس لیے فراہم کرنے سے قاصر رہتے ہیں کہ وہ مالی طور پر پوری طرح مستحکم نہیں اِسی لیے جدید ٹیکنالوجی سے محروم ہیں۔ ضرورت اِس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان خصوصی طور پر وفاقی وزارت صنعت و تجارت اِس سلسلے میں فوری توجہ دے تاکہ چھوٹی صنعتیں اور گھریلو دستکاری کی تیاری میں خاطر خواہ اضافہ ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ معیاری اشیاء ایکسپورٹ کر کے صنعت و تجارت کو فروغ دے سکیں، نئے سرمایہ کار اِس طرف آئیں اور قومی زرمبادلہ میں اضافے میں اضافے کا سبب بنیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے اور وفاقی حکومت کی اِس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题