اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران کے دورہ قطر کا شیڈول فائنل ہو گیا۔ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر 22 جنوری کو دوحا جائیں گے اور ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر بھیجنے کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ قطر کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان امیر قطر سمیت اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں پاک قطر تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیر اعظم قطری قیادت کے ساتھ ایل این جی کی درآمد اور افرادی قوت کی برآمدگی کے معاملے پر بھی گفتگو کریں گے۔واضح رہے کہ قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ قطر کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، زلفی بخاری، مشیر تجارت اور وزیر پیٹرولیم بھی قطر جائیں گے