پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا

Published on January 20, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 450)      No Comments

پورٹ الزبتھ(یو این پی)پاکستانی شاہینوں نے جنوبی افریقا کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے،گرین شرٹس نے 267 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی سکور پر فخر زمان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔فخر زمان کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور میں 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔امام الحق بھی 86 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد اولیوئیر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 12 رنز بنا کر پھیلوکوایو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تو گرین شرٹس کو جیت کے لیے 49 رنز درکار تھے لیکن سرفراز احمد غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔اس موقع پر شاداب خان نے محمد حفیظ کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔محمد حفیظ 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شاداب خان نے بھی 18 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔اس سے قبل سینٹ جارج پارک میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پروٹیز بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور ہینڈرکس نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ہینڈرکس 45 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ہینڈرکس کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور وین ڈر ڈوسن نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 155 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈوسن 93 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسری جانب ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کیرئیر میں اپنی 27 ویں سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔قومی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور سیریز کا دوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes