صدرآزادکشمیرکا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

Published on February 5, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 269)      No Comments

مظفرآباد(یواین پی)صدر آزادجموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ 05فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے۔ جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے یہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منائے جانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑا۔ وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید کے مشن کو لے کر نوجوان نسل سر بکف ہو گئی ہے۔ ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق ،حق خودارادیت میں رکاوٹ بننے سے باز رہے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کادیر پا اور پائیدار حل ہو گا۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题