ملک سے غربت کا خاتمہ، وزیراعظم کا نئی وزارت بنانے کا اعلان

Published on March 28, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 168)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے نئی وزارت اور آئین کے آرٹیکل میں ترمیم کا اعلان کر دیا ہے۔غربت کے خاتمے کیلئے پروگرام ”احساس اور کفالت“ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک سے غربت ختم کرنا جہاد ہے، اس کے خاتمے کیلئے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ غربت کے خاتمے کیلئے کوئی فارمولا نہیں، کئی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا۔ اس نے دنیا میں ایک مثال ملک بننا تھا لیکن ہم ریاست مدینہ کے اصولوں کیخلاف چلے گئے۔ مدینہ کی ریاست کی طرف واپس جانے کیلئے پروگرام ’’احساس اور کفالت‘‘ پہلا قدم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہر کامیاب شخص کی زندگی سے لوگ سیکھنا چاہتے ہیں۔ دنیا میں سب سے کامیاب ہمارے پیارے نبی ﷺ تھے۔ انہوں نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی جس کا پہلا اصول رحم تھا۔ مدینہ کی ریاست نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمیشہ مدینہ کی ریاست کے اصول یاد رکھنے چاہیں لیکن آج ہم ان کیخلاف چلے گئے ہیں اور ان پر عمل نہیں کر رہے۔ یورپ نے مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائے اور آگے نکل گئے، وہاں کتے بھی بھوکے نہیں مرتے۔عمران خان نے سماجی بہبود کیلئے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک نے تیس سال میں ستر کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ کیا کوئی یقین کر سکتا تھا کہ چین ایسا کر لے گا؟ چین نے اپنی پالیسیوں کے مطابق فیصلہ کیا اور ایسی پالیسی نہیں بنائی کہ چھوٹا سا طبقہ امیر ہو جائے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کہا کہ قوم جب ارادہ کر لے تو اللہ تعالیٰ کامیابی دیتا ہے۔ میرا ایمان ہے پاکستان میں بھی ایک دن غربت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ غربت کے خاتمے اور پروگرام ”احساس اور کفالت“ پر عملدرآمد کے لیے نئی وزارت بنائی جائے گی اور آرٹیکل 38 ڈی میں ترمیم کی جائے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes