پشاور: (یواین پی) خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز ضلع خیبر سے کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اگر والدین بچوں کو سکول لے کر نہ گئے تو محمود خان انھیں سکول لے کر جائے گاتفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا افتتاح وزیراعلیٰ محمود خان اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیا۔ مہم کے تحت صوبے بھر میں آٹھ لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرشفقت محمود کا کہنا تھا کہ ملک میں 2 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کے لئے تعلیم کا بندوبست کر لیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو ان کا اصل مقام دلائیں گے، صوبے میں 26 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔قبائلی شہری بھی ضلع خیبر سے داخلہ مہم شروع کرنے پر خوش نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی سکولوں کا انفراسٹرکچر بہتر کیا جائے۔ قبائلی ضلع خیبر سے داخلہ مہم کا آغاز نہ صرف ان کی محرومی دور کریگا بلکہ قبائلی بچوں کے لئے تعلیمی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
