بھارت کی موجودہ قیادت مذاکرات کیلئے تیار دکھائی نہیں دے رہی: شاہ محمود قریشی

Published on June 21, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 164)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مودی کو روایت کے تحت مبارکباد کا خط لکھا جس کا جواب آیا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی موجودہ قیادت مذاکرات کیلئے تیار دکھائی نہیں دے رہی، بھارت میں انتخابات کے بعد نئی حکومت آئی ہے لیکن بھارت ابھی تک الیکشن کے ماحول سے باہر نہیں نکل پایا، پاکستان نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا، پاکستان کی پوزیشن عالمی سطح پر سب کو معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں ترقی کرنے اور غربت کے خاتمے کے لیے امن ضروری ہے لیکن تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ پاکستان کا مو¿قف ہر باشعور ملک اور طبقے نے سمجھ لیا ہے، بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم ہچکچاہٹ کا شکار نظر آئے۔خیال رہے کہ پاکستانی میڈیا پر یہ خبریں چلتی رہی ہیں کہ مودی نے عمران خان کو لکھے گئے خط میں مذاکرات کی پیشکش قبول کی ہے لیکن بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایسی باتوں کی تردید کردی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جمہوری اصولوں کے تحت وزیر اعظم عمران خان کے خط کا جواب دیا گیا ہے، اس خط میں پاکستان کا نام نہیں لیا گیا بلکہ یہ کہا گیا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy