ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں حکومت مداخلت نہیں کرے گی، وزیراعظم

Published on July 19, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 217)      No Comments

لاہور(یواین پی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔وزیرِ اعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار، صدرلاہورچیمبرالماس حیدر، سینئرنائب صدرخواجہ شہزاد اور دیگر افراد شریک ہوئے۔تاجر رہنماؤں و صنعت کاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم کوانڈسٹری پرلگائےگئےٹیکسز پر اپنے تحفظات پیش کئے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کےفروغ کے لئےاقدامات اٹھا رہے ہیں، جب تک ٹیکس کانظام درست نہیں ہوگا،آگےنہیں بڑھ سکتے، مشکل حالات میں مشکل فیصلےکرنے پڑتے ہیں، ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے تاجر اورعوام ہمارا ساتھ دیں۔ عمران خان کاکہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا، 1960 کی دہائی کا پاکستان ایشیاء میں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی، بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے، ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے اس کی بدولت روزگار میسر ہو گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes