پی آر سی کےزیرِاہتمام سعودی عرب کے89 ویں قومی دن پُروقارتقریب

Published on September 21, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 290)      No Comments

جدہ (زکیر احمد بھٹی) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں مجلس محصورین پاکستان کے زیرِاہتمام سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کے موقع پر ایک پُروقار تقریب مہران ریسٹورینٹ کے وی آئی پی ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کےمہمانِ خصوصی پاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفارتکارمعروف دانشورڈاکٹ علی الغامدی تھے۔ جبکہ صدارت پاکستان انجینئرز ویلفیئر فورم کے صدرڈاکٹرعبدالعلیم خان نے کی۔
ڈاکٹرالغامدی نے اپنے خطاب میں پی آرسی کو سعودی عرب کے قومی دن پرتقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا سعودی عرب کے قومی دن پر صرف ہمیں نہیں بلکہ تمام امتِ مسلمہ کو خوشی ہوتی ہے ۔ کیونکہ یہ ملک حرمین کا امین ہے۔ انھوں نے مسئلہ محصورین کو اجاگرکرنے پر بھی پی آر سی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انھوں نے محصورین، برما اور کشمیر کے مسلمانوں کی حالت پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ان کا مسئلہ جلد از جلد حل ہوجائے۔
تقریب سے محمد امانت اللہ ، انجینئر عبدالصبور، انجینئر سید نیاز احمد ، فیصل طاہر خان اور میاں احمد بشیرنے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا سعودی عرب کا قومی دن منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انھوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان سے خصوصی محبت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کشمیر میں بھارتی افواج کے پُرتشدد اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس کے نتیجے میں معصوم جانیں ضائع ہورہی ہیں۔
ڈاکٹرعبدالعلیم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ایک عرصہ گزارنے کے بعد بہت سارے پاکستانی سعودی عرب کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ ہمیں یہاں کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے۔ ہم خادمِ حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے امتِ مسلمہ کی قیادت کا کردار ادا کیا اوران کے مسائل کے حل کے لئے او آئی سی کو متحرک کیا۔ ہم دعا گو ہیں کہ ان کی قیادت میں مملکتِ سعودی عرب اور مسلم ممالک ترقی اور استحکام کی جانب گامزن رہیں۔ انھوں نے حالیہ آئل ریفائنری پر ڈرون حملوں کی مذمت بھی کی۔
قبل ازیں پروگرام کی ابتداء تلاوتِ قرانِ پاک سے ہوئی جس کی سعدات قاری محمد آصف نے حاصل کی۔ نعتِ رسولِ مقبولﷺ انجینئرخالد جاوید نےپیش کی۔ معروف شاعر زمرد خان سیفی نے سعودی قومی دن پر نظم پیش کی۔
پی آر سی کے قائم مقام کنوینرسید مسرت خلیل نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورقرارداد یں پیش کی۔ جسے حاضرین نے اکثریت سے منظور کرلیا
1۔ وزیر آعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاک سعودی کمیشن قائم کیا جائے۔ جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، ثقافت، تعلیم وتربیت، صنعت، انجیئرنگ، طب، توانائی، تعمیر و ترقی،زراعت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر لائحہ عمل مرتب کرے ۔ تاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دوسرے ممالک سے بہتر ہوں۔
2۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بنگلادیش سے محصور پاکستانیوں کی منتقلی و آبادکاری کے لئے فوری اقدامات کا اعلان کیا جائے۔
3۔ مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے پرہم حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ وزیرِآعظم عمران خان کے اقوام ِمتحدہ کے خطاب کے نتیجے میں کشمیریوں کو حق خود اختیاری کا موقع دیا جائیگا اور کشمیر سے بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوجائیگا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سماجی رہنما شمس الدین الطاف نے سر انجام دیئے۔ آخر میں برصغیر پاک و ہند کے ممتازعالم دین مولانا بہجت ایوب نجمی نے کشمیر، برما، محصورین اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes