رحیم یار خان کے قریب تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، 66 مسافر جاں بحق

Published on October 31, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 414)      No Comments

رحیم یار خان/ لیاقت پور (یواین پی) رحیم یار خان کے قریب تلواری اسٹیشن پر تیز گام ایکسپریس کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، حادثے میں 66 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ڈی سی او کے مطابق 2 بوگیاں امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے بک تھیں، متاثرہ تینوں بوگیوں میں 207 مسافر سوار تھے، ایک بوگی میں 77، دوسری میں 76 مسافر سوار تھے، متاثرہ تیسری بزنس کلاس کی بوگی میں 54 مسافر سوار تھے، زیادہ تر مسافر حیدرآباد سے سوار ہوئے۔ ڈی پی او امیر تیمور کا کہنا ہے متاثرہ بوگی سے مزید 18 لاشیں نکال لی گئیں۔ ایم ایس ندیم ضیا کے مطابق 42 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، 18 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق سرچنگ کے دوران بوگی سے 2 گیس سلنڈر ملے ہیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں میں زیادہ تر تبلیغی جماعت کے افراد تھے، زیادہ تر افراد کا تعلق حیدرآباد اور میرپور خاص سے تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گاڑی میں آگ گیس کا چولہا پھٹنے سے لگی، آگ نے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جلد ٹریک کھول دیں گے، تبلیغی جماعت کے کچھ افراد سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے، آگ بجھا دی گئی ہے، مسافروں کو لیاقت پور پہنچا دیا گیا، آگ 3، 4 ،5 نمبر بوگی میں لگی، متاثرہ بوگیوں میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا آگ اکانومی کلاس میں لگی، مسافروں نے ٹرین سے کود کر جان بچائی، کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں، شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا جا رہا ہے، بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تحقیقات کریں گے مسافر سلنڈر لیکر کون سے سٹیشن سے چڑھے۔ محکمہ ریلوے نے معلومات کیلئے ہیلپ لائن 03008060780 جاری کر دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان حادثے کی جگہ پہنچ گئے، پاک فوج کی مقامی انتظامیہ کیساتھ مل کر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا ہے، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes