ٹماٹر ناجائز منافع خوری کے باعث ریٹیل پر200روپے کلو فروخت

Published on December 9, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 232)      No Comments

 


کراچی (یواین پی)ایران سے در آمد اور مقامی فصل کی شروعات کے باعث سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ،تاہم ریٹیل سطح پر ناجائز منافع خوری کے باعث ٹماٹر کی فی کلو قیمت تاحال 200 روپے کی سطح پر موجود ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایران سے مسلسل در آمد اور اندرون سندھ سے نئی فصل کی شروعات کے باعث کراچی کی سبزی منڈی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت90تا120روپے کے درمیان ہے ،تاہم ناجائز منافع خوری کے باعث ریٹیل سطح پر شہر میں ٹماٹر 200روپے کلو تک میں فروخت ہورہا ہے ۔ اس حوالے سے آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ،امپورٹرزو مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے بتایا کہ اس وقت سبزی منڈی میں درجہ دوم ٹماٹر 90روپے جبکہ درجہ اول ٹماٹر 120روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایران سے کنٹینرز کے ذریعے ٹماٹر کی در آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اندرون سندھ سے بھی ٹماٹر کی فصل مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہے ، ریٹیل سطح پر قیمتوں پر قابو پانا شہری حکومت اور پرائس کنٹرول حکام کی ذمہ داری ہے ،سبزی منڈی میں120روپے کلو فروخت ہونے والا ٹماٹر شہر میں150روپے سے زائد نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اندرون سندھ سردی کی شدت میں اضافے اور دھوپ نہ نکلنے کے باعث ٹماٹر میں رنگ نہیں اتر رہا اور ٹماٹر اچھی طرح سے پک نہیں پارہا اور اسی باعث مقامی فصل کے مارکیٹ میں آنے میں تاخیر ہے ۔ دوسری جانب ایران سے در آمد ہونے والے ٹماٹر میں رس کی مقدار نسبتاً کم ہے جبکہ ایران سے آنے والا ٹماٹر زیادہ تر پنجاب جارہا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme