ایشیاکپ،آفریدی نے ہندوستان سے ’مشرقی پاکستان ‘ فتح کرلیا،پاکستان میں جشن ، انڈیا میں صفِ ماتم بچھ گئی

Published on March 3, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 825)      No Comments

\"4\"

ڈھاکہ(یو این پی) پاکستانی شاہینوں نے ایشیا کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کو انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی، گرین شرٹس نے 246 رنز کا ہدف آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شرجیل خان اور احمد شہزاد نے 71 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی، محمد حفیظ اور صہیب مقصود نے 87 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کیا، حفیظ نے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ آخر میں شاہد آفریدی نے 18 گیندوں پر تین فلک شگاف چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو تاریخی کامیابی دلا دی۔ محمد حفیظ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد طلحٰہ نے ڈیبیو کیا۔ بھارت کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کو پہلا نقصان 18 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب شیکھر دھون 10 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ایک طرف سے روہیت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 9.1 اوورز میں 56 تک پہنچا دیا، اس موقع پر عمر گل نے ویرات کوہلی کو وکٹوں کے پیچھے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے پاکستان کو انتہائی اہم کامیابی دلا دی، کوہلی محض 5 رنز بنانے کے بعد پویلین روانہ ہوگئے۔ بھارت کو تیسرا جھٹکا 92 کے مجموعی سکور پر لگا جب سیٹ بیٹسمین روہیت شرما محمد طلحٰہ کی گیند پر ایک غیرذمہ دارانہ سٹروک کھیلتے ہوئے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح طلحٰہ نے اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ محمد طلحٰہ نے اپنے چھٹے اوور میں اجنکیا راہانے کو 23 کے انفرادی سکور پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے بھارت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ 103 کے مجموعی سکور پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد امباتی رائیڈو اور دنیش کارتھک نے محتاط انداز اپنایا اور 52 رنز جوڑ کر سکور 155 تک پہنچا دیا۔ دنیش کارتھک بھارت کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کارتھک کے آؤٹ ہونے کے بعد امباتی رائیڈو اور روندرا جدیجا عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھٹی وکٹ میں 59 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 214 تک پہنچا دیا۔ رائیڈو نے مشکل وقت میں 58 رنز کی مفید اننگز کھیلی، انہیں سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔ 237 کے مجموعی سکور پر سعید اجمل نے روی چندرن ایشون کو 9 اور محمد شامی کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ اس طرح بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ روندرا جدیجا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تین، محمد طلحٰہ اور محمد حفیظ نے دو، دو جبکہ عمر گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے ہدف انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 49.4 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شاہد آفریدی نے آخر میں 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اوپنرز نے 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کرکے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی، شرجیل خان پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بنانے کے بعد روی چندرن ایشون کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے ٹیم کا سکور 93 تک پہنچا دیا، احمد شہزاد دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد امیت مشرا کی گیند پر ایشون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مشرا کے اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ نے مصباح الحق کو رن آؤٹ کرا دیا، مصباح الحق بدقسمت رہے اور صرف ایک رن بنا سکے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 113 کے مجموعی سکور پر گری جب عمر اکمل ایک غیرضروری سٹروک کھیلتے ہوئے امیت مشرا کی گیند پر روندرا جدیجا کو کیچ دی بیٹھے۔ اس موقع پر محمد حفیظ اور صہیب مقصود نے انتہائی شاندار بیٹنگ کی 87 رنز کی شراکت قائم کر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ محمد حفیظ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 75 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ایشون کی گیند پر بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں صہیب مقصود رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 38 رنز بنائے۔ عمر گل 12 جبکہ محمد طلحٰہ اور سعید اجمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، آخری اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 10 رنز درکار تھے، آفریدی نے ایشون کو یکے بعد دیگرے دو فلک شگاف چھکے لگا کر پاکستان کو تاریخی کامیابی دلا دی۔ انہوں نے 18 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 34 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ایشون نے تین جبکہ بھونیشور کمار اور امیت مشرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog