ہیومنز آف بورے والا نے لنگر خانہ کھول دیا، غریب افراد 30 روپے میں کھانا کھاسکیں گے

Published on January 3, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 290)      No Comments

بورے والا (یواین پی) ’حکومت کے ساتھ عوام کی بھی کچھ ذمہ داری ہوتی ہے‘ یہ بات اکثر سننے کو تو ملتی ہے لیکن اس پر عملدرآمد بہت کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے، کچھ لوگ اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں اور اکثریت یہی سوچتی رہ جاتی ہے کہ ذمہ داریاں حکومت ہی پوری کرے۔ جو لوگ اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں ان میں پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے ’ ہیومنز آف بورے والا‘ بھی شامل ہیں جنہوں نے غریبوں کیلئے لنگر خانہ کھولا ہے۔بورے والا میں چیچہ وطنی روڈ پر طاہر فلور ملز کے قریب ’ بورے والا دستر خوان ‘ کے نام سے غریب اور کم آمدنی والے افراد کیلئے لنگر خانہ کھولا گیا ہے جس میں صرف 30 روپے میں ایک شخص کو پیٹ بھر کر صاف ستھرا کھانا کھلایا جاتا ہے۔بورے والا دستر خوان کی انتظامیہ کے مطابق شہر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ’ ہیومنز آف بورے والا‘ کے نام سے ایک گروپ بنایا ہوا ہے جو اس طرح کے فلاحی منصوبے شروع کرتا رہتا ہے۔بورے والا دستر خوان میں کھانے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ کھانے کی تیاری کے دوران حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مد نظر رکھا جائے۔ ابتدائی طور پر یہ لنگر خانہ صرف دوپہر کے کھانے کیلئے کھولا جانا تھا لیکن مخیر حضرات کی دلچسپی کے باعث فیصلہ کیا گیاہے کہ اس میں دوپہر کے ساتھ شام کا کھانا بھی 30 روپے میں مہیا کیا جائے گا۔شہریوں کی جانب سے بورے والا دستر خوان کے منصوبے اور ہیومنز آف بورے والا کی کوششوں کو خوب سراہا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دستر خوان کی وجہ سے بورے والا میں اب کوئی بھی غریب بھوکے پیٹ نہیں سوئے گا، شہریوں کو اس کارِ خیر میں نہ صرف حصہ لینا چاہیے بلکہ اس کا دائرہ کار زندگی کے دوسرے شعبوں میں بھی پھیلانا چاہیے تاکہ کم آمدنی والے افراد کیلئے سہولیات پیدا کی جاسکیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes