ہارون آباد،نہری پانی کی سالانہ بندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع،کاشتکارپریشان

Published on January 21, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 318)      No Comments

ہارون آباد (یو این پی) نہری پانی کی سالانہ بندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع نے کاشتکاروں کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے مطابق اب نہروں میں پانی 24جنوری سے بحال کیا جائے گا۔ مارکیٹس میں ہو کا عالم ہے اور تاجر حضرات پہلے ہی ذہنی کشمکش کا شکار ہیں ۔ اب نہری پانی کی طویل بندی سے فصل خریف کی فصلات گندم ، سرسوں ، چنا ، چارہ جات وغیرہ شدید متاثر ہیں اور خشک سالی کا خدشہ ہے۔اس سے ملکی پیداوار پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پانی کی بندش میں توسیع سے چھوٹے کاشتکار شدید متاثر ہوں گے ۔ ایکسین ہاکڑہ ڈویژن نے بتایا کہ مین ہیڈ بلوکی لنک ، ہاکڑہ اور صادقیہ کینال میں مختلف مقامات پر تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے نہری پانی کی سالانہ بندی میں توسیع کرنا پڑی، جس سے بیسیوں نہروں میں پانی نہیں چھوڑا جا سکے گا۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ نہری پانی کی عدم دستیابی سے پینے کے پانی اور ٹوبہ مویشیاں خشک ہونے سے قحط کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے ۔ کسانوں کا موقف ہے کہ بھل صفائی کا کام بھی ناگزیر وجوہات کی بنا پر نظر انداز کر دیا گیا اور نہروں کے پشتوں کی مضبوطی پر کوئی کام نہیں کیا گیا ہے۔ کاشتکاروں قاری عبدالغفار ، چودھری محمد رضوان چیمہ ، چودھری شبیر احمد چیمہ ، ثمر فاروق چودھری و دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme