یوم پاکستان کے موقع پر سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کا پیغام

Published on March 24, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 217)      No Comments

جدہ (یواین پی)تئیس مارچ انیس سو چالیس وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان کے بانیوں نے اتفاق رائے سے قرار داد لاہور منظور کیا جس نے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی۔ اس قرار داد نے برطانوی ہند کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن کی امید دی جہاں انہیں معاشرتی ، ثقافتی اور مذہبی اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی آزادی ہوگی۔ تحریک پاکستان کے قائدین نے ، اکثریت کی زیادتیوں کے خلاف لاکھوں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا عندیہ دیا۔قیام پاکستان کے بعد سے ہی ہماری قیادت نے اپنے عوام کے امن ، ترقی اور آزادی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے مستقل جدوجہد کی ۔ ہمیں اقوام عالم میں ایک ترقی یافتہ اور ذمہ دار ریاست ہونے پر فخر ہے۔ آج ، پاکستان آزاد عدلیہ ، آزاد میڈیا ، متحرک سول سوسائٹی اور معیشت کے ساتھ ایک ترقی پسند جمہوری ریاست ہے۔ پاکستان کی کامیابی محنتی افراد ، وافر قدرتی وسائل کی دستیابی اور حکومتی کی پالیسیاں کی مرہون منت ہے ۔اس موقع پر ، میں پاکستان کے عوام کو بانی پاکستان کے وژن پر یقین اور اس کو حقیقت میں بدلنے پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ تاہم ، اس وقت ، ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی تشویشناک اور قابل مذمت ہے جسکی تصدیق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی تعاون تنظیم ، اسلامی تعاون تنظیم ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر آزاد اداروں نے بھی کی ہے۔پاکستانی عوام کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنا قومی دن اپنے دوسرے گھر یعنی سعودی عرب میں منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد اعلی سطحی دو طرفہ دورے ہوئے ہیں جن سے دوستی کے بندھن کو مزید تقویت ملی ہے۔ ہم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بڑھانے میں ذاتی دلچسپی لی۔ پاکستانی ہنرمندوں نے سعودی عرب میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اداروں کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ پاکستانی، سعودی عرب اور سعودی وژن 2030 کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔آج کے دن، ہم اپنے ملک کی ترقی کے لئے بھرپور محنت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ میں سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مزید تقویت دینے کا عزم کرتا ہوں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy