وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر کی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت

Published on October 8, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 310)      No Comments

2
اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی پر زور مذمت کی ہے۔ انہوں پانچ معصوم قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و الم کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ما بین تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت کا رویہ ہے۔ بھارت ایک طرف تو نہتے کشمیریوں پر مظالم برسا رہا ہے جبکہ دوسری جانب کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے جب بھی بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا تو بھارت نے جواب میں لاشیں دیں۔ پاکستان بھارت کی جانب سے اس غیر انسانی رویے پر خاموش نہیں بیٹھے گاجبکہ پاکستان بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے گا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر سانگلہ ہل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے جس کے نتیجے میں بھارت بدحواس ہو چکا ہے۔ بھارت کشمیر پر جس قدر مظالم مرضی ڈھا لے لیکن فتح بالآخر کشمیریوں کی ہی ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی مثال بغل میں چھری منہ میں رام رام جیسی ہے۔ ایک طرف تو وہ مذاکرات کا راگ الاپتا ہے جبکہ دوسری جانب اس قسم کی کاروائیاں کر کے مذاکرات اور امن عمل کو کوسوں دور کر دیتا ہے۔ جب تک بھارت اپنا رویہ درست نہیں کرتا پاکستان اور بھارت کے مابین پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes