میچ فکسنگ: شعیب اختر کا قومی اسمبلی سے کریمنل ایکٹ پاس کرانے کا مطالبہ

Published on April 30, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 166)      No Comments

لاہور(یواین پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے میچ فکسنگ کیخلاف قومی اسمبلی سے کریمنل ایکٹ پاس کرانے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں میچ فکسنگ کے کیسز سامنے آنے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے فکسنگ کیخلاف قومی اسمبلی سے کریمنل ایکٹ پاس کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل سے کھلواڑ کرنے والوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنا چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تین سال کی پابندی کا شکار ہونے والے بیٹسمین عمر اکمل پر دباؤ ڈالا جائے گا معافی مانگ لے، سزا کم کردیں گے۔دریں اثناء انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی کو نالائق قرار دیدیا۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر اور قانون دان تفضل حیدر رضوی کا کہنا تھا کہ سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے میرے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب الفاظ استعمال کیے اور اسی طرح کے ریمارکس سوشل میڈیا پر بھی دیے تھے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے ردعمل میں تفضل حیدر رضوی نے شعیب کو قانونی نوٹس بھیجا ہے اور ان کے خلاف سائبر کرائم قانون کے تحت درخواست بھی دائر کر دی ہے۔تفضل حیدر رضوی نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شعیب اختر 15 روز میں اپنا بیان واپس لیں، ان سے غیر مشروط معافی مانگیں اور دس کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ ان کے مطابق وہ یہ رقم لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے میڈیکل سینٹر کو عطیہ کر دیں گے۔تفضل حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ شعیب اختر نے نہ صرف دو مختلف ٹی وی پروگراموں میں ان کے خلاف نامناسب گفتگو کی ہے بلکہ یہی بات اپنے یوٹیوب چینل پر بھی دوہرائی اور یہ تمام مواد فیس بک پراپنے صفحے پر بھی اپ لوڈ کیا۔
دریں اثناء تفضل رضوی نے شعیب اختر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی تفضل رضوی نے درخواست ایف آئی اے کے سائبرکرائم ونگ کو جمع کرواتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جھوٹے الزامات لگائے۔ فوری مقدمہ درج کیاجائے ۔اُدھر پاکستان بار کونسل نے بھی شعیب اختر کے بیان پر شدید ردعمل دیا ہے، وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے اعلامیہ جاری کرے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی بار کے رکن ہیں، شعیب اختر کو ایسا بیان نہیں دیا چاہیے تھا، بار کونسل اپنے مضحکہ خیز بیانات کی اجازت نہیں دے گی، شعیب اختر محتاط رہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کرپشن میں ملوث ہونے کے بعد سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر، سابق کپتان رمیض راجہ اور سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے میچ فکسنگ کو مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بارے میں جلد از جلد قانون سازی کرے تاکہ کرپٹ کھلاڑیوں کو ملکی قوانین کے تحت سخت سزائیں دی جاسکیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شعیب اختر اور رمیض راجہ کا ردعمل ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کرکٹ بورڈ نے عمراکمل پر مشکوک افراد کی جانب سے رابطے کی اطلاع کرکٹ بورڈ کو نہ دینے کی پاداش میں 3 سال کی پابندی عائد کی ہے جبکہ دوسری جانب میچ فکسنگ میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے سابق کپتان سلیم ملک کرکٹ میں واپسی کے لیے اپیل کر رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题