حکومت ٹڈی دل کے حملے کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،ملک نعمان احمد لنگڑیال

Published on May 7, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 251)      No Comments

اوکاڑہ (یواین پی ) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کاغیر معمولی حملہ بلا شبہ پنجاب میں فصلوں کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے تاہم حکومت اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقداما ت اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔موثرنگرانی سمیت جدید ترین آلات اورمشینری سے سپرے کا عمل بھی جاری ہے جبکہ اس کیلئے چین سے بھی معاونت لی جارہی ہے۔ محکمہ زراعت کے افسران سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ حکومت اور اس کے تمام ادارے موجودہ صورتحال میں ہرگز غافل نہیں اور ہر طرح سے متحرک ہیں۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 15 متاثرہ اضلاع میں 79لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے کو ٹڈی دل کے حملے سے بچانے کیلئے موثر نگرانی اورجدید ترین آلات اورمشینری کے ذریعے سپرے کا عمل جاری ہے اور تقریباً2لاکھ 40ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر اس عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید حفاظتی انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیکرٹری زراعت واصف خورشید کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع اپنی فیلڈ فورس کے ہمراہ اس کا تدارک کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حکومت کسانوں کے ساتھ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور رہے گی۔فصلوں کو ٹڈل دل کے حملے سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题