بھارت پاک چین اقتصادی راہداری پر پریشانی پیدا کر رہا ہے، صدر مملکت عارف علوی

Published on July 24, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 127)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پریشانی پیدا کر رہا ہے۔ بھارت کے جارحانہ رویے سے علاقائی امن واستحکام کو خطرات لاحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ایک چین کی پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان چین کے قومی مفاد کے اہم امور بشمول ہانگ کانگ، تبت اور تائیوان کے معاملہ پر ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔چینی سفیر نے ہانگ کانگ اور قومی مفادات کے دیگر امور پر اپنے ملک کے موقف کی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ ہماری عوام اور قیادت نے کورونا بحران کے دوران چین کی حمایت اور پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کردار کو سراہا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کورونا وبا کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت تھے۔چین کے سفیر نے ڈاکٹر عارف علوی کو ان کی سالگرہ پر چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر سٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے کورونا وبا کے دوران چین کے تعاون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کے خلاف حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes