تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اہلبیت سے عقیدت رکھتے ہیں؛محمد عثمان تنویر

Published on August 19, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 275)      No Comments

ٹھٹھہ (رپورٹ حمید چنڈ): ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اہلبیت سے عقیدت رکھتے ہیں اور اپنے اپنے انداز میں ایام شہادت مناتے ہیں، امام حسین علیہ السلام اور انکے رفقاء کی عظیم قربانی سے ہمیں صبر و تحمل کا درس ملتا ہے، ان ایام کے دوران جہاں انتظامیہ اور منتظمین مجالس و جلوس کی ذمہ داریاں ہیں وہیں دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے علما کرام و ممبران کا بھی فرض ہے کہ وہ متحرک رہ کر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اسداللہ کھوسو، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار، ٹاؤن افسران، پبلک ہیلتھ، انفارمیشن و دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ صدر شیعہ علما کونسل جاوید شاہ، عبدالحسین شاہ، سید غلام محمد شاہ، قاری عبدالباسط، مولوی محمد یامین و دیگر شیعہ و سنی علماء اور ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے اور عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، موجودہ ملکی اور بین الااقوامی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ تمام پاکستانی بلا تفریق مذہب و مسلک متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر آپس میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور امن کی فضا قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے وقت اور روٹس کی پابندی سمیت کسی بھی قسم کی نفرت انگیز تقاریر یا قابل اعتراض ویڈیو و آڈیو کیسٹس بجانے اور سوشل میڈیا پر مذہبی انتشار پھیلانے والی پوسٹ اور کمنٹس سے گريز کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں، پبلک ہیلتھ انجیئرنگ، واپڈا، سوئی گیس و دیگر متعلقہ محکموں نے محرم الحرام کے لئے جامع پلان پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے، محرم الحرام کے دوران ڈی سی آفس اور اے سیز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جائیں اور ماتمی جلوس کے ہر روٹ پر تپیدار، پولیس و دیگر ضروری عملہ کی ڈیوٹی لگائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران حددخلیوں اور دیگر درپیش مسائل سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محمکوں کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر فوری صفائی ستھرائی، تعمیر و مرمت و دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے جنکی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ایس ایس پی نے کہا کہ علماء کرام اور ممبران کمیٹی مجالس اور جلوسوں کے موقع پر موجود رہیں اور منتظمین کی معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق مجالس اور جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی دینگے، مجالس کے داخلی راستوں پر ہر فرد کی تلاشی لی جائے گی۔ اس موقع پر تمام شیعہ و سنی علما کرام و ممبران نے کہا کہ ٹھٹھہ ہمیشہ سے امن و امان کا مرکز رہا ہے، محرم الحرام کے دوران امن و امان اور اتحاد بین المسلمین برقرار رکھنے کیلئے تمام ممبران انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کریں گے تاکہ امن و امان کی فضاء کو قائم رکھا جا سکے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes