سیلاب نے تباہی مچا دی، مالاکنڈ ڈویژن میں کئی چھوٹے پن بجلی منصوبے تباہ ہوگئے

Published on September 3, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 177)      No Comments

مالاکنڈ (یواین پی) سیلاب نے تباہی مچا دی، مالاکنڈ ڈویژن میں کئی پن بجلی منصوبے تباہ ہوگئے، 24 گھنٹے سے زائد وقت سے جاری بارش کے باعث دریا بپھر گئے، سیلاب کی وجہ سے کئی چھوٹے ڈیموں شدید نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔بتایا گیا ہے کہ خاص کر مالاکنڈ ڈویژن میں تشویش ناک حد تک تباہی مچی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن میں 24 گھنٹے سے زائد وقت سے مسلسل بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث دریا بپھر گئے ہیں اور ڈویژن میں واقع کئی پن بجلی منصوبے اور چھوٹے ڈیم بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ سڑکیں اور عمارتیں بھی سیلابی پانی کے ساتھ بہہ گئیں۔بتایا گیا ہے کہ سوات کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں دریائے سوات میں طغیانی آنے سے کالام اور بحرین کے قصبوں میں درجنوں مکانات اور دیگر املاک دریا برد ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں تقریباً 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں صوبے میں دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ سیاحوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال میں شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes