گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، پاکستان کا پوپ فرانسس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

Published on October 29, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 154)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان کا عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں اور اسلام مخالف مواد کے معاملے پر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس سے اپیل کی جائے گی کہ وہ باہمی تعاون کے لیے ایسے اقدامات کی مذمت کریں، ان کو بتایا جائے گا کہ ایسے اقدام سے ہم آہنگی کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر یورپ اور امریکہ کے مذہبی رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ نور الحق قادری نے کہا کہ وہ اسلام مخالف مواد کو شائع کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے شیخ جامعتہ الازہر سے بھی رابطہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فرانس سمیت دیگر مغربی ممالک مسلمانوں کی دل آزاری کر رہے ہیں جبکہ آزادی اظہار رائے کی آزادی اور قیود کیا ہیں۔نور الحق قادری نے کہا کہ وفاقی حکومت سرکاری سطح پر محفل میلاد ﷺ کا انعقاد کر رہی ہے، نعت خوانی، تقریری مقابلے، سیرت کانفرنس اور دیگر پروگرام بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ سے محبت و عقیدت کے اظہار کے لیے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول ﷺ منایا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے بھی رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو عالمی فورم پر اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حرمت رسول ﷺ کا معاملہ ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فرانس کا اسلام سے متعلق رویہ قطعی قابل قبول نہیں ہوگا، مغرب کی رسول اللہﷺ کے گستاخانہ خاکے بنانے والوں کی حمایت تمام مسلمانوں کی توہین ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes