توہین رسالت کے واقعات نفرت کا باعث اور امن کی روح کے خلاف ہیں، صدر عارف علوی

Published on October 30, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 99)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ توہین رسالت کے واقعات نفرت کا باعث اور امن کی روح کے خلاف ہیں۔صدر عارف علوی نے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت دنیا کی عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آبیاری ہوئی، پوری انسانیت کی فلاح یقیناً آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ِ طیبہ کی پیروی میں ہے، اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔عارف علوی نے کہا کہ دورِ اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآنِ پاک اور رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت ہی تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ سے ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے غلاموں، عورتوں اور بے سہارا لوگوں کو حقوق دیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد ڈالی، پیغمبرِاسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂِ حسنہ اور انکی تعلیمات کا عکس ہماری زندگی میں نظر آنا چاہیے۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ مغرب میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت واقعات پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں اور بین المذاہب امن اور مکالمے کی روح کے خلاف ہیں، عالمِ اسلام کے رہنماؤں سے اپیل کروں گا کہ حرمتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تحفظ کیلئے ایک متفقہ مطالبہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کریں،ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور قرآن ِپاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظرہم سب کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام تقریبات میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes