ناقابل اعتماد امریکا اور برطانیہ سےکورونا ویکسین نہیں لیں گے، ایران

Published on January 9, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 161)      No Comments

تہران(یواین پی)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا اور برطانیہ کی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین لینے سے انکار کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق ایرن کے روحانی پیشوا خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین قابل اعتماد نہیں ہیں اس لیے ایران فائزر اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین نہیں لے گا۔ایران کے روحانی پیشوا نے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ 2 مغربی طاقتوں سے ٹیکے لگانے پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔ اگر یہ ویکسین کارگر ہوتیں تو وہ ہمیں دینے کے بجائے ساری خود استعمال کرتے۔ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ کیونکہ دنیا بھر میں اموات کی سب سے زیادہ شرح بھی انہی دو ممالک میں ہے، اس لیے سب سے پہلے انہیں یہ ویکسین خود اپنے شہریوں کو لگانا چاہیئے۔ایران کے روحانی پیشوا خامنہ ای نے یاد دلایا کہ 1990 میں فرانس سے آنے والے خون کی بوتلوں کو لگوانے والے ایرانی شہریوں میں بعد میں ایڈز کی تشخیص ہوئی تھی اور اس تباہی کا آج تک مداوا نہیں کیا گیا۔ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے ملک کے سپریم لیڈر کے بیان کے بعد امریکی دوا ساز کمپنی فائزر سے کورونا ویکسین کی ایک لاکھ 50 ہزار خوراکیں درآمد کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔خیال رہے کہ ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے اس سے قبل چین سے بھی کورونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں خریدنے کے اضافی منصوبوں کا اعلان بھی کیا تھا اس کے علاوہ ایران مقامی سطح پر بھی کورونا ویکسین کی تیاری کا دعویٰ کرتا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog