اوکاڑہ؛صحافت ایک مقدس شعبہ ہے؛ شہباز ساجد

Published on January 25, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 379)      No Comments

سچ لکھنے اور سچ کی آواز بننے والے صحافیوں کو معاشرے میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے
اوکاڑہ(یواین پی)صحافت ایک مقدس شعبہ ہے،سچ لکھنے اور سچ کی آواز بننے والے صحافیوں کو معاشرے میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔سچ لکھنا،سچ کہنا اور سماجی وعوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے موثر حل کے لئے کاوشیں کرنا ہر صحافی کا اولین فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہارمیڈیا ٹاک پروگرام میں اوکاڑہ پریس کلب کے بانی ممبراور سابق صدر شہباز ساجد نے صحافتی میدان میں اپنے پچاس سالہ سفر کو اللہ کے فضل وکرم سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ صحافتی امور کو ہمیشہ عبادت سمجھ کر انجام دیا جس کی وجہ سے آج تک کسی خبر کی تردید یا کسی ادارے کے لئے مشکلات پیدا نہیں کیں۔حاکم وقت کے سامنے عوامی مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کرنے میں بھی مثبت اور تعمیری سوچ کو مد نظر رکھا۔شہباز ساجد نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں محکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے اوکاڑہ کے نئے ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان سے تعارفی ملاقات میں دیگر مسائل کے علاوہ ایک دیرینہ مسئلہ ڈسٹرکٹ کمپلیس کے نزدیک ریلوے پھاٹک کی کئی سال سے بندش کے نقصانات کے حوالہ سے بتایا گیا مگر اس ملاقات کا نتیجہ (آمدن،نشستن،گفتن برخاستن) کے علاوہ تا حال اس پر غور نہیں کیا گیا۔شہباز ساجد نے کہا اس وقت مجھے ماضی کے وہ بیوروکریٹس جن میں ضلع کے پہلے ڈپٹی کمشنر طارق محمود، میجر(ر) خالد لطیف، طارق فاروق، کاشف مرتضیٰ،ارشد بھٹی، امتیاز صادق، اسلم کمبوہ،میجر طارق آفریدی اور دیگر بہت یاد آئے جو صحافیوں کی رائے کو ناصرف اہمیت دیتے تھے بلکہ عملی اقدامات اٹھانے میں پیش پیش رہتے تھے۔ صفائی ستھرائی، تعمیراتی، ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوشاں رہتے تھے مگر افسوس اب حاکم وقت کی خوشنودی اور سب اچھاکی رپورٹ کے لئے ایک خاص مافیہ نے مبینہ طور پرترقیاتی کاموں،عوامی مسائل کے حل اور عوام کے لئے دیگر حکومتی منصوبہ جات کو بڑی بڑی فلیکسوں اور مبارک بادی کی تشہیری مہم چلا کر تماشہ بننا وطیرہ بنا دیا ہے مگر ایسے میں ذمہ دار صحافی ہی عوام کی ترجمانی کرتے ہیں اور اب بھی امید کی کرن باقی ہے کیونکہ اوکاڑہ میں نوجوان صحافیوں نے اپنے اپنے انداز سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام کو بروقت آگاہی کے سلسلہ کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کا جو عزم کیا ہے اس کا سہرا اوکاڑہ پریس کلب کے صدر شہباز شاہین اور ان کی ٹیم کے سر ہے جنھوں نے اوکاڑہ کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمہ اور عوامی فلاحی کاموں کے لئے اوکاڑہ پریس کلب میں وقتاً فوقتاً تاریخی پروگراموں کا انعقاد کیا جن میں پاکستان اور انٹر نیشنل شہرت یافتہ اینکر پرسن، تجزیہ نگا ر وں اور پاکستان کے مختلف پریس کلبوں کے صدور، ملک کی اعلیٰ شخصیات کے علاوہ ضلعی انتظامیہ بھی رونق افروز ہوئی جس سے اوکاڑہ پریس کلب،او یو جے، ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس اوکاڑہ اور ضلعی صحافیوں کا وقار بلند ہوا۔ شہباز ساجد نے کہا کہ جہاں صحافیوں کا کام خبر دینا ہے وہاں علاقائی مسائل سے دوچار عوام کے مسائل کے حل لئے نااہل اور سست روی کے شکار افسران،اہلکاران اور مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصراور کالی بھیڑوں کی ”خبر لینا” اہم ہے۔شہباز ساجد نے امید کی ہے کہ اوکاڑہ کے صحافی اوکاڑہ پریس کلب کے صدر شہباز شاہین کی قیادت میں ناصرف ریلوے پھاٹک کھلوانے بلکہ دیگر عوامی اور صحافتی مسائل جن میں صحافی کالونی کاقیام بے گھر صحافیوں کا بنیادی حق ہے کوحل کروانے میں بھی قلمی اور عملی طور پرموثر کردار ادا کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy