کراچی (یو این پی)پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کیلیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی گئی۔میڈیاکے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے بعد مختصر فارمیٹ میں بھی ڈومیسٹک پرفارمرز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں ڈیبیو پر ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق کی جگہ فخرزمان لیں گے، انجرڈ شاداب خان کی کمی پوری کرنے کیلیے ڈومیسٹک پرفارمر زاہد محمود کو شامل کیا جائے گا، ان فارم عثمان قادر برقرار رہیں گے، شرجیل خان، صہیب مقصود، ذیشان بٹ، اعظم خان، عماد بٹ اور عامر یامین کے نام بھی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں، سینئر پیسر وہاب ریاض کو آرام دے کر حسن علی کو شامل کیا جاسکتا ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر متوقع ہے۔