حکمرانوں نے 22کروڑ عوام کو ہائی جیک کیا ہوا ہے،سراج الحق

Published on March 21, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 130)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے 22کروڑ عوام کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم پاکستانی عوام کو بھی بھول گئے ہیں او کشمیریوں کو بھی۔ وسائل پر قابض اشرافیہ نے ملک کے جغرافیہ، معیشت اور نظریہ کا استحصال کیا۔ تینوں بڑی پارٹیاں ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔عام پاکستانی نہیں جانتا کہ ملک کے حقیقی حکمران کون ہیں۔ پی ٹی آئی نے مدینہ کی ریاست کی بات کی مگر فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ایک قدم نہیں اٹھایا۔ جماعت اسلامی ملک میں ظلم، منافقت اور استحصال کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہو کر اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کریں۔ ہمیں معاشرے میں اچھے لوگوں کی تلاش ہے جو اکثریت میں ہیں۔غلامانِ مصطفیؐ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے نظام مصطفیؐ لانا چاہتے ہیں۔ 21مارچ کو ملتان میں، 28مارچ کو راولپنڈی میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور جلسے ہوں گے۔ جماعت اسلامی فلاحی پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں کمزور اور پسے ہوئے طبقات کی مدد کر رہی ہے، یہ مشن جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیرآباد میں اجتماعی شادیوں کی ایک تقریب اور بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کی رہنما بلال قدرت بٹ، مشتاق بٹ، صابر بٹ ،ناصر محمود کلیئر اور دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ مغرب اس لئے تباہ ہورہا ہے کہ اس نے خاندانی نظام کو ختم کر دیا ہے۔آج ہمارے ملک میں بھی مغربی استعمار کے نمائندے فیملی سسٹم کو تباہ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جس کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔ ملک کی نظریاتی اساس کے خلاف سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy