کوئی بھی ملک تعلیم کے شعبہ میں بہتری کے بغیر معاشی ترقی نہیں کر سکتا ،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی

Published on April 6, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 445)      No Comments

2
لاہور ۔۔۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ کوئی بھی ملک تعلیم کے شعبہ میں بہتری کے بغیر معاشی ترقی نہیں کر سکتا۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں شیخ احمد حسن سکول آف لاء کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں تعلیم کے شعبہ پرتوجہ نہیں دی جاتی ا ور جی ڈی پی کا صرف 1.9 فیصد تعلیم پرخرچ کیاجاتاہے جبکہ اقوام متحدہ کی طرف سے تعلیم پر خرچ کرنے کی یہ شرح کم از کم 4.9 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کی بہترین فراہمی کے نظام سے عوام میں اعتماد کی فضا پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عوام یہ محسوس کرتے ہیں کہ انکے حقوق کو تحفظ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ موثر جوڈیشل سسٹم کا گڈ گورننس ٗ ملک میں امن کے قیام اور معاشرے میں سماجی و معاشی ترقی سے گہرا تعلق ہے، اسی طرح یہ بات بھی مسلمہ حقیقت ہے کہ ملک میں فراہم کئے جانیوالے انصاف کے معیار اور فراہم کی جانیوالے قانونی تعلیم کے معیار کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لمز کی طرف سے شروع کیا جانیوالا لاء اینڈ پالیسی پروگرام شاندار پروفیشنل ایجوکیشن ٗ تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لیگل سسٹم میں اصلاحات لانے اور سماجی تبدیلی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گا جبکہ اس سے نہ صرف سماجی ذمہ داریوں کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ ملک میں گڈ گورننس ٗ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جوڈیشل انسٹی ٹیوشنز اور قانونی شعبہ مضبوط ہو گا۔ بعدازاں چیف جسٹس نے احمد حسن سکول آف لاء کا سنگ بنیاد رکھا اور لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر سہیل نقوی کو اس کاوش پر مبارکباد پیش کی اور فیکلٹی ممبران اور دیگر شخصیات کی اس بہترین کاوش کو سراہا۔ اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes