افسران آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران مھی سچائی اور نیک نیتی سے اپنے فرائض سرانجام دیں؛ عبیداللہ پہوڑ

Published on June 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 193)      No Comments

ٹھٹھہ (رپورٹ حمید چنڈ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبیداللہ پہوڑ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران ماضی کی طرح اس بار بھی اسی ہی معیار کے مطابق سچائی اور نیک نیتی سے اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ ضلع کو ہمیشہ کیلئے پولیو سے پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ مہم کے متعلق مطلوبہ انتظامات جلد مکمل کریں اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے موجود تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کیا جائے گا تاکہ معصوم بچوں کو معذور ہونے سے بچایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی 07- جون 2021ء سے شروع ہونے والی انسدا پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے کہا کہ آئندہ مہم کی ایسی مؤثر حکمت عملی تشکیل دیں جس کے تحت پولیو ٹیموں کی گھر گھر موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مہم کے دوران ضلع کی مقامی این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں، معززین، علماء کرام اور والدین کو مہم میں شامل کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے اور مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبیداللہ پہوڑ نے باالخصوص ضلع کے تمام این جی اوز پر زور دیا کہ آئندہ پولیو مہم سے قبل ضلع بھر کے تمام یوسیز کے ہر گاؤں میں پولیو کی اہمیت و فوائد اور بچوں کو پولیو قطرے پلانے کیلئے والدین کو آمادہ کرنے کے حوالے سے شعور بیدار اور آگہی دینے کے حوالے سے بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے اور اس ضمن میں آگہی مہم کے فوکل پرسن یونیسف کے ڈسٹرکٹ مینیجر اعجاز جاکھرو ہونگے. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے تمام این جی اوز کو پابند کیا کہ اس قومی فریضہ مہم میں پولیو ٹیموں کی ہر قسم کی ہر ممکن مدد و معاونت کی جائے. انہوں نے پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں اور بسوں، ویگنوں، سوزوکیوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کو چند منٹ کیلئے اسٹاپوں پر روکیں تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی قطرے پلائے جا سکیں۔ انہوں نے یو سی سیکریٹریز اور پٹواریوں کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں، اس ضمن میں غیر حاضر یا غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ قبل ازیں این اسٹاپ ڈاکٹر کلیم شیخ کی نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 5 سال تک عمر کے دو لاکھ 18 ہزار 384 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس ضمن میں 660 گشتی، 46 فکسڈ اور 53 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 159 ایریا انچارچز اور 54 یو سی ایم اوز کو بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پولیس اور انفارمیشن کے افسران کے علاوہ ڈبلیو ایچ او ، این اسٹاپ، پی پی ایچ آئی، مرف و دیگر مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy