بجٹ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، محمود خان

Published on June 21, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 131)      No Comments

پشاور(یواین پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بجٹ صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے میدان میں دوسرے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے اور عوام کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی لانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور نئے مالی سال کے بجٹ خصوصاً سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔صوبائی کابینہ اراکین نے ناموافق مالی صورتحال کے باوجود ایک تاریخی، عوام دوست اور غریب پرور بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے جو عوامی ردعمل سامنے آ رہا ہے وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بجٹ میں عوامی توقعات کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے اور معیاری عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے دور رس اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پسماندہ اضلاع کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے اور اضلاع کے درمیان ترقی کی تفریق کو ختم کرنے کے لئے 61 ارب روپے کی لاگت کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان تشکیل دیا گیا جس کے تحت اگلے مالی سال کے دوران 10 ارب روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے جس کے نتیجے میں پسماندہ اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا اور ان اضلاع کو ترقی کے میدان میں دیگر ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ میں صحت اور تعلیم سمیت تمام سماجی شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنا کر اسے عوامی توقعات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات تجویز کئے گئے ہیں جن میں 21 ہزار سے زائد سکولوں کی تعمیر، بحالی اور اپگریڈیشن، 20ہزار اساتذہ اور تین ہزار سکول لیڈرز کی تقرری، 10ہزار ماڈل کلاس رومز کی تعمیر، چار ارب روپے سے زائد کی لاگت سے سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، ضم اضلاع میں چار ہزار سے زائد اساتذہ کی تقرری ، صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کی ازسر نو بحالی، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کی اپگریڈیشن، ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے لئے فنڈز میں 100فیصد سے بھی زیادہ اضافہ جیسے اقدامات شامل ہیں جن سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں معیاری خدمات فراہمی مقامی سطح پر یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes