پاکستان سے دبئی مسافر پروازوں کی آمد پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد

Published on June 27, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 119)      No Comments

دُبئی(یواین پی) پاکستان سے دبئی مسافر پروازوں کی آمد پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق امارات جانے کے منتظر پاکستانیوں کے لیے بُری خبر آ گئی ہے۔ بتایا جا رہا تھا کہ اماراتی حکومت نے پاکستان سے مسافر پروازوں کی آمد پر عائد پابندی میں 21 جولائی تک توسیع کی ہے، تاہم اب امارات کی سب سے بڑی ائیرلائن ایمرٹس کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستان سے مسافر پروازوں کی دبئی آمد پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں ایمرٹس ائیرلائن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ائیرلائن پاکستان سے دبئی کیلئے اپنی مسافر پروازیں 6 جولائی تک معطل رکھے گی، تاہم اب ہفتے کے روز ٹوئٹر پر ایک پاکستانی شہری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ائیرلائن حکام کی جانب سے جواب دیا گیا کہ نہیں معلوم کہ پاکستان سے مسافر پروازوں کی دبئی آمد کی اجازت کب دی جائے گی، لہذا ایمرٹس کا پاکستان سے دبئی کیلئے کمرشل پروازوں کا آپریشن غیر معینہ مدت کیلئے معطل رہے گا۔ایمرٹس ائیرلائن کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ وہ افراد جنہوں ے گزشتہ 14 روز کے دوران پاکستان کا سفر کیا ہو، انہیں ایمرٹس کی پرواز کے ذریعے دبئی کا سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس پابندی سے صرف اماراتی شہری، گولڈن ویزہ ہولڈرز اور سفارتی حکام کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کی صبح خبر سامنے آئی تھی کہ امارات نے بھارت اور پاکستان سمیت 14 ممالک سے مسافر پروازوں کی آمد پر عائد پابندی کی مُدت میں ایک بار پھر توسیع کر دی۔چند روز پہلے حکام نے پاکستانی مسافروں کے امارات واپسی پر عائد پابندی کی مُدت میں 7 جولائی تک توسیع کی تھی تاہم ہفتے کی صبح کیے گئے اعلان کے مطابق یہ پابندی بڑھا کر21 جولائی تک کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ یہ امکان بھی ہے کہ 21 جولائی کے بعد پابندی میں مزید توسیع ہو سکتی ہے۔ اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایک نوٹم جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بھارت اور 13 دیگر ممالک پاکستان، لائبیریا، نمیبیا، سیرا لیون، کانگو، یوگینڈا، زیمبیا، ویت نام، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور ساؤتھ افریقہ سے مسافر پروازوں کی یو اے ای آمد پر عائد پابندی کی مُدت 21 جولائی کی رات 12 بجے تک بڑھا دی گئی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme