مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں شیخ شاہد جاوید

Published on June 29, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 424)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا ہے کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کے لئے فیسکو ٹیرف کو کم کروانے کے لئے کوشاں ہیں جس کے لئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جن میں شہر کے مختلف مقامات پر10 ایمرجنسی کیمپ قائم کردئیے گئے ہیں۔واسا افسران کے ساتھ میٹنگ اور کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی نااہلی کی وجہ سے فیسکونے2018ءمیں واسا کا ٹیرف زرعی سے نکال کر جنرل میں شامل کردیا جس سے واسا فیصل آباد کا بجلی کا بل دوگنا سے بھی زیادہ ہو گیا تاہم اب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مشاورت کے بعد واسا فیصل آباد کے ٹیرف کو دوبارہ زرعی کنکشن میں لے جانے کے لئے کوشش کررہے ہیں تاکہ واسا کے مالی بحران سے نجات حاصل کی جا سکے۔شیخ شاہد جاوید نے مزید کہا کہ مون سون کی آمد سے قبل ہی واسا کے آپریشنز سٹاف نے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔10 مقامات پر ایمرجنسی کیمپ قائم، متبادل انتظامات، وہیکلز اور مشینری کو آپریشنل کرلیا گیا ہے اور امید ہے کہ مون سون کے دوران واسا صارفین کو پریشانی نہیں ہو گی۔اس موقع پرڈائریکٹر فنانس شہریار حسن نے کہا کہ ریونیو ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے نادہندگان صارفین کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے اور رواں ماہ11 کروڑ روپے کی بلنگ ریکوری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے حاصل کرلیں گے۔اسی طرح بڑے نادہندگان سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ وہ بھی اپنے واجبات جلد جمع کروا دیں۔ڈائریکٹر ریونیو عمرافتخار نے کہا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹ کے سٹرکچر میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں جس سے ریونیو کولیکشن میں بہتری آئی ہے اسی طرح متعدد کالونیوں میں پرانے سروے ہوئے تھے ان کے دوبارہ جی آئی ایس بیسڈ سروے کروائے جارہے ہیں تاکہ انہیں بلز بھجوائے جاسکیں جس سے واساکی ریونیو ریکوری میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید اور ڈائریکٹر آپریشنز عدنان گل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان لطیف، ڈپٹی ڈائریکٹرمخدوم بابر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سانول ملک، نثار ڈوگر و دیگر بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog