اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ڈپٹی کمشنر

Published on July 3, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 188)      No Comments

تارکین وطن کے مختلف محکموں واداروں سے متعلقہ مسائل سن کر موقع پر افسران کو ازالہ کی ہدایات جاری کیں
فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیرکالونیز وکلچر میاں خیال احمد کاسترو،ڈپٹی کمشنر محمد علی،چیئرپرسن مرزا محمد اصغر اور ایس ایس پی اپریشنز محمد افضل نے تارکین وطن کے مختلف محکموں واداروں سے متعلقہ مسائل سن کر موقع پر افسران کو ازالہ کی ہدایات جاری کیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری،ممبر کمیٹی طلحہ حمید کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کے اراضی پر قبضوں،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم،رقوم کی لین دین، جعلی دستاویزات پر فراڈ،تجاوزات، غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا موقف سنتے ہوئے بیشتر شکایات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں مختلف محکموں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لیں اور درکار رپورٹس کی فراہمی میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیش رفت سے مطمئن ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔چیئر پرسن نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں و خاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیئے۔ایس ایس پی اپریشنز نے پولیس سے متعلقہ کیسز میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے تیز رفتار حل کے سلسلے میں ضلعی اوورسیز کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题