لاہور(یواین پی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے ہمیشہ ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے – پاکستان میں بھائی چارے، یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علماء کرام کا کردار لائق تحسین ہے-مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا-کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی آپ نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کی ہیں – حکومت علماء کرام کی خدمات کی قدر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے، اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوکر وطن کا قرض اتار سکتے ہیں -سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیئے۔مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور پرامن فضا کو یقینی بنانے کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخوت و بھائی چارے اور رواداری کی فضا قائم کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ علماء کرام سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھیں -زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تعاون کو اپنا قومی فرض سمجھتے ہیں – راغب نعیمی نے کہا کہ گزشتہ محرم الحرام میں حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کے باعث بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم رہی -مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے رحیم یار خان کے علاقے بھونگ کا دورہ کیا -مشائخ اور علماء کا کردار دلوں کو توڑنا نہیں جوڑنا ہے – پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ ملک دشمن اور امن دشمن عناصر سے خبردار رہنا ضروری ہے-علماء کرام اور مشائخ عظام نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی مذمت کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام کیلئے خصو صی دعا کی گئی۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، پیر سید سعید الحسن شاہ،وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی،پارلیمانی سیکرٹری اوقاف تیمور علی لالی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، پیر سید ناظم حسین شاہ، مولانا محمد راغب حسین نعیمی، سید یاور عباس بخاری، علامہ کرامت عباس حیدری، علامہ حافظ زبیر احمد ظہیر، ابو حفص محمد غیاث الدین،پیر رضا محی الدین، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی اوقاف اور علماء کرام و مشائخ عظام نے اجلاس میں شرکت کی۔