اوکاڑہ یونیورسٹی میں میڈیا ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد، تجزیہ نگار سلمان غنی مہمان خصوصی

Published on August 16, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 249)      No Comments

اوکاڑہ(یواین پی)وکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات نے طلباء اور مقامی صحافیوں کےلیے ایک ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں معروف تجزیہ نگار سلمان غنی اورسوشل ورکر مظہر ساہی کے علاوہ ام فروہ، ذالقرنین طاہر اور محمد طلحہ نے بطور مہمان اسپیکرز شرکت کی۔ ورکشاپ کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کی۔ اس ورکشاپ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے شعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال نے بتایا کہ ہم اس نشست کے ذریعے پیشہ وارانہ صحافت کو درپیش مختلف مسائل پہ تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ابلاغیات کے طلباء کو مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ پیشہ وارانہ صحافیوں سے ملیں اور ان کی تجربات سے سیکھ کر اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ صحافت محض کلاس روم میں بیٹھ کر نہیں سیکھی جا سکتی بلکہ اس کےلیے میڈیا انڈسٹری سے منسلک لوگوں سے میل جول اوران کی رہنمائی حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ پیشہ ور صحافیوں کی تحاریر، رپورٹنگ اور ان کی گفتگو کو نہ صرف فالو کریں بلکہ اس سے اپنی قابلیتوں کو مزید نکھاریں۔ سلمان غنی نے اپنی گفتگو کے آغاز میں اس خطے میں اعلی تعلیم کا ایک کامیاب اور بڑا ادارہ بنانے پہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی۔ ورکشاپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صحافت محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک ذہنی کیفیت اور مشن کا نام ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر معاشرے اور ملک کی فلاح و بہبود کےلیے کام کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹنگ کرتے وقت معاشر ے کے مثبت پہلووں کو اجاگر کرنے بھی توجہ دی جائے۔ مظہرساہی نے اوکاڑہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کےلیے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا اور مقامی کمیونٹی خاص طور پہ صحافیوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس نیک مقصد کی تکمیل کےلیے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ ورکشاپ کے اختتام پہ صحافیوں اور دیگر شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog