بچوں کو تعلیم نہ دینے سے ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ضائع ہوتا ہے، وزیراعظم

Published on September 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 85)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، لوگوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع نہ دینا ظلم اور ناانصافی ہے، بچیوں کی تعلیم کو اہمیت نہ دے کر ملک کا قیمتی اثاثہ ضائع کیا جاتا رہا ہے، سکول گھروں سے دور ہوں اور اساتذہ کی کمی ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہیں، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکول وظائف پروگرام کو شفاف بنانے اور موثر نگرانی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار احساس پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کے لیے سکول وظائف کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مستحق گھرانوں کے لیے سکول وظائف کا اجرا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس پروگرام کے دو اہم پہلو ہیں، پاکستان میں دو کروڑ بچے سکول نہیں جا رہے، ایک تو انہیں سکولوں میں داخل کرانا اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، بدقسمتی سے اس کو پہلے اہمیت نہیں دی گئی، یہی وجہ ہے کہ بچوں کی اتنی بڑی تعداد سکول نہیں جا رہی، ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے عوام ہوتے ہیں اور جب ہم اپنے لوگوں کو تعلیم نہیں دیتے تو نہ صرف یہ سرمایہ ضائع کرتے ہیں بلکہ ان پر یہ ظلم اور ناانصافی بھی کرتے ہیں کہ انہیں ترقی کا موقع نہیں مل پاتا۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے وظیفہ اور سہولت دے رہے ہیں، بچیاں زیادہ سکول سے باہر ہیں اور خاص کر بچیوں کی تعلیم کو ماضی میں اہمیت نہیں دی گئی، بچیوں کی تعلیم کو اہمیت نہ دے کر ملک کا قیمتی اثاثہ ضائع کیا جاتا رہا ہے، تعلیم یافتہ خاتون مرد سے زیادہ معاشرے کو فائدہ پہنچا سکتی ہے اور پڑھی لکھی ماں بچوں کی نشوونما، تربیت اور دیکھ بھال زیادہ بہتر کرتی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog