سپیشل اکنامک زونز پاکستان کی معاشی ترقی کے انجن ہیں میاں اسلم اقبال

Published on September 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 214)      No Comments

ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سرمایہ کاری کو ضروری تحفظ فراہم کیا جارہا ہے
فیصل آباد (یو این پی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز پاکستان کی معاشی ترقی کے انجن ہیں۔ان زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سرمایہ کاری کو ضروری تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بزدار حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سر گرم عمل ہے اور سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سائٹ آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس کے دوران علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سرمایہ کاری کرنے والے صنعت کاروں کی زیر التواءدرخواستوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے سرمایہ کاروں کے پلاٹ اور ڈاکومنٹیشن سمیت دیگر نوعیت کے مسائل دریافت کئے اور سی ای او فیڈمک کو سرمایہ کاروں کے زیر التواءامور ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بنانا ہماری ترجیح ہے کیونکہ یہ سپیشل اکنامک زون صنعتی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے گزشہ تین سالوں میں معاشی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور صوبے میں نئے صنعتی مراکز قائم کرکے صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیشن سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقعے پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر نے فیڈمک بورڈ کے نئے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بورڈ ممبران صنعتی ترقی کے لئے وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سروسز فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کے نئے ممبران باصلاحیت،پرعزم اور مسائل کا ادراک رکھتے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈمک اکنامک زونز ڈویلپ کرنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی بن چکی ہے جو سی پیک کے تحت بننے والے پہلے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو ڈویلپ کررہی ہے۔اس اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ون ونڈو سینٹر،ایکسپو سینٹراور گالف اینڈ کنٹری کلب قائم کیا جارہا ہے۔اجلاس میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک رانا یوسف، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حافظ احتشام جاوید، بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog