شہری ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اجمل چیمہ

Published on September 9, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 252)      No Comments

ماسٹر پلان شہرکی ترقی کیلئے ناگزیرہے جس کیلئے ایف ڈی اے کی موجودہ قیادت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں
فیصل آباد (یو این پی)موجودہ حکومت علاقائی و شہری ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں بڑے شہروں کی ماسٹر پلاننگ بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم چوہدری محمد اجمل چیمہ نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے دورہ کے دوران چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذراور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فیصل عظیم سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ پی ٹی آئی کے مقامی لیڈر شیر افگن چیمہ اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم نے کہاکہ مستقبل میں ترقیاتی ضرورتوں کی منصوبہ بند ی اور جدید تقاضوں ہم آہنگ شہری ترقی میں پیش رفت کے حوالے سے ترقیاتی اداروں کے کلیدی کردارکو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے ایف ڈی اے کی زیرنگرانی فیصل آباد ماسٹر پلان کی تیاری کو خوش آئنداقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پلان شہرکی منظم اور جدید ترقی کیلئے ناگزیرہے جس کیلئے ایف ڈی اے کی موجودہ قیادت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف ایف ڈی اے کے آپریشن کو سراہتے ہوئے کہاکہ قانون پر عملد رداری سے ہی غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت کی طرف سے تعمیراتی شعبہ کو متعدد مراعات اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس کی بدولت معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور روزگار کے اضافی مواقع پید ا ہوئے ہیں لہٰذا تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے ایف ڈی اے کی طرف سے تیز رفتار سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ قیادت کی کاوشوں سے ایف ڈی اے کی کارکردگی کا معیار مزید بہتر ہو رہاہے جوکہ شہری ترقی کیلئے موجودہ حکومت کے مشن کی تکمیل کی جانب شاندار قدم ہے۔چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے بتایاکہ ایف ڈی اے کی ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جارہاہے جبکہ فیصل آباد ماسٹر پلان کو مکمل کرنے کیلئے مشاورتی عمل جاری ہے اس سلسلے میں کنسلٹنٹ عثمانی اینڈ کمپنی کے تیار کردہ پہلے ڈرافٹ پر ڈویژنل وضلعی انتظامیہ، چیمبر آف کامرس، لینڈ ڈویلپرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے تجاویز و تحفظات حاصل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے کو مزید فعال اور بااعتماد ترقیاتی ادارہ بنانے کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے بتایاصوبائی وزیر کو ایف ڈی اے کی ترقیاتی و انتظامی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایاکہ فیصل آبادماسٹر پلان سے متعلق عوام الناس /سٹیک ہولڈرز سے تجاویز /اعتراضات وصول کرنے کیلئے 17ستمبر2021 تک مزید وقت دیاگیا ہے تاکہ اس ماسٹر پلان کو جامع اورشفاف بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی منصوبوں، غیر قانونی ہا¶سنگ سکیموں کیخلاف آپریشن اور عوامی ریلیف کے دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes