جامعات کا مقصد علم کی تخلیق اور اس کے ذریعے معاشرتی مسائل کا حل ہے ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر

Published on September 21, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 125)      No Comments

معاشرتی نا انصافی اور اقتصادی استحصال کی فضا میں قانون کی عملداری ناممکن ہے: وائس چانسلر
اوکاڑہ(یو این پی) یونیورسٹی میں سکول آف لاءکی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے نامور ماہرین قانون میاں ظفر اقبال کلنوری، عبداللہ ملک، فواد ملک اور محبوب قادر شاہ نے بطور مہمان اسپیکرز شرکت کی اور اس بات کی اہمیت پہ زور دیا کہ معاشرے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ، معاشی استحصال اور معاشرتی نا انصافی ختم کیے بغیر قانون کا احترام اور عملداری قائم کرنا نا ممکن ہے سیمینار کی صدارت اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں سیمینار کے انعقاد کا مقصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعات کا مقصد علم کی تخلیق اور اس کے ذریعے معاشرتی مسائل کا حل ہے۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ اس یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباءکو مختلف شعبہ جات سے وابستہ علمی شخصیات سے متعارف کروایا جائے تاکہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عملی و پیشہ وارانہ صلاحیتیں بھی سیکھ سکیں ایک ایسی فضا جہاں پہ انسانی حقوق پامال کیے جائیں، لوگوں کا معاشی استحصال ہو اور معاشرے میں طبقاتی تقسیم بدرجہ اتم موجود ہو وہاں پہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانا مشکل ہے۔ عبداللہ ملک کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرے سے غیر منطقی سوچ کو ختم نہیں کیا جاتا اور عوام میں مثبت شہریت کا شعور بیدار نہیں کیا جاتا تب تک قانون کا احترام پیدا نہیں ہو سکتا۔ وفاقی انفارمیشن کمشنر فواد ملک نے بھی ملک میں قانون کی عملداری کےلیے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور ترویج کی اہمیت پہ زور دیا۔ معروف قانون دان طفر اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے نظام میں بہت ساری برائیاں سرایت کر چکی ہیں اور ان کا حل قانون کی تعلیم اور نوجوانوں کی تربیت سے ممکن ہے۔ انہوں نے قانونی مسائل کے حل کےلیے ایک متبادل نظام بھی تجویز کیا جس میں باہمی مصالحت کے ذریعے پیچیدہ قانونی مسائل باآسانی اور جلدی حل کیے جا سکتے ہیں پاکستان میں اس نظام کی کامیابی کی شرح پچاسی فیصد تک ہے۔ پنجاب کے چیف انفارمیشن کمشنر محبوب قادر نے معاشی خودمختاری اور فلاحی ریاست کے قیام کی طرف رجحان نہ ہونے کو نظام کی خرابی کی بنیادی وجوہات قرار دیا۔ سیمینار کے اختتام پہ سکول آف لاء کے سربراہ ڈاکٹرحامد مختار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سکول کے دیگر اساتذہ کاشف محمود، سہیل اصغر، عبدالرشید، فائق بٹ اور فیصل شفیع بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog