برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی چوہدری نثار علی خان سے ملاقات

Published on April 23, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 244)      No Comments

1
اسلام آباد ۔۔۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے منگل کو یہاں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور خطہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال بالخصوص فاٹا اور افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطہ کے امن کی ضمانت ہے اور پاکستان خطہ میں پائیدار امن کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کی مذاکرات کی پالیسی کے نتیجہ میں خطہ بالخصوص فاٹا میں پائیدار امن قائم ہو گا، حکومت مذاکراتی عمل میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ بلاتاخیر مثبت نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عشروں پرانے سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں جو اب خصوصی تعلقات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سول آرمز فورسز کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے برطانوی تعاون کی تعریف کی۔ ہائی کمشنر نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ان شعبوں کی بھی نشاندہی کی جہاں برطانیہ بھرپور تعاون کر سکتا ہے جن میں انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات خطہ کی جغرافیائی صورتحال کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy