ملک وملت کی خدمت وترقی کے لئے مسیحی عوام بھی یکساں کردار ادا کررہی ہے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

Published on December 24, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 122)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے کہا ہے کہ ملک وملت کی خدمت وترقی کے لئے مسیحی عوام بھی یکساں کردار ادا کررہی ہے ان کی خوشیوں میں شرکت ہمارا قومی فرض ہے تاکہ اس امر کا اظہار کیا جاسکے کہ ہم سب بطور پاکستانی قوم متحد ہیں۔انہوں نے یہ بات سی پی او غلام مبشر میکن کے ہمراہ مسیحی برادری سے یکجہتی کے لئے ہولی روزی کیتھولک چرچ مدینہ ٹاؤن میں جاکرکرسمس کیک کاٹنے کے بعد مسیحی خاندانوں میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،ڈی ایس پی توصیف خان،اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ انعم بابر،پاسٹر عمران صادق،فادر خالدعاصی،حبقوق گل،فاروق کھوکھر،سسٹر شازیہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مسیحی برادری کوکرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی اپنی خوشیاں مل جل کر مناتے ہیں جو کہ بین المذاہب ہم آہنگی،اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کا خصوصی خیال رکھاجارہا ہے اس ضمن میں سماجی وسرکاری سطح پر ہرممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کویقینی بنایا ہے تاکہ مسیحی عوام بھرپور اور محفوظ انداز میں اپنی خوشیاں مناسکیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل سے مسیحی،مسلم اتحاد مضبوط طریقے سے قائم رہے گا اور پاکستانی قوم ہر چیلنج کامقابلہ کرنے کیلئے چٹان کی طرح مضبوط ہے۔سی پی او نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔مسیحی رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر، سی پی او ودیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونے پر ہم وطنوں کے پیاربھرے جذبات کی بے حد قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس امن وسلامتی کا پیغام ہے اور وطن عزیز کی بقاءوسا لمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔اس ضمن میں ملی یگانگت کے پرچم کو بلند رکھیں گے۔اس موقع پر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وآشتی اورباہمی اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题