ملک میں مہنگائی 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Published on January 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 72)      No Comments

جولائی 2021 سے دسمبر 2021 تک مہنگائی کی شرح 9.81 فیصد تک بڑھ گئی
اسلام آباد(یواین پی)سال بدل گیا لیکن مہنگائی کی ماری پاکستانی قوم کی قسمت نہ بدل سکی۔گزشتہ ماہ پاکستان میں مہنگائی ریکارڈ 22 ماہ کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ایک رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کہ نومبر میں 11.55 فیصد تک ریکارڈ کی گئی تھی۔جولائی 2021 سے دسمبر 2021 تک مہنگائی کی شرح 9.81 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ سال 2020 کے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 8.63 فیصد تک ریکارڈ کی گئی تھی۔2021 کا آخری ہفتہ عوام کے لئے بہت مہنگا ثابت ہوا جس دوران بیشتر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مہنگائی کا پارہ 20 فیصد کی سطح عبور کرگیا جبکہ کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی کی سطح 22 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ایک ہفتے کے دوران ویجی ٹیبل گھی ، چینی، انڈے، لہسن، چائے کی پتی سمیت کئی روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔یاد ہے کہ حکومت کی جانب سے نئے سال کے تحفے کے طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 144.82 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 141.62 روپے فی لیٹر ہوگئی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.15 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 111.06 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ مٹی کا تیل 3.95 روپے مہنگا ہوکر 113.53 روپے فی لیٹر ہوگیاہے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ایف بی آر کی جانب سے 32فیصد اضافہ کیساتھ 2920ارب کی ریکارڈ ٹیکس وصولیاں بہترین معاشی سرگرمیوں کی عکاسی کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ 2633 ارب کے ٹیکس ہدف سے بھی 287ارب زیادہ ہے، گزشتہ سال اسی مدت میں 2204 ارب کا ٹیکس اکٹھا ہوا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فرخ حبیب نے مزید کہا کہ صرف دسمبر کے مہینے میں 600ارب کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes