پنجاب سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کے حل کیلئے واسا سمیت دو الگ الگ کمیٹیاں قائم

Published on January 6, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 122)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پنجاب سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کے حل کیلئے واسا سمیت دو الگ الگ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو مقررہ ٹائم فریم کے مطابق اپنے اپنے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گی ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ محکموں کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس اجلاس میں واسا کے وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید اور پنجاب سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا رپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹر امین الدین اویسی کے علاوہ واسا کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اکرام اللہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ واسا ایک ہفتہ کے دوران حکومت کی طرف سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے ملنے والے فنڈ اور اس سے مکمل ہونے والے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ دے گی جس کا جائزہ لینے کے بعد 8رکنی کمیٹی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر کی قیادت میں موقع کا معائنہ کرے گی تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جا سکے۔ آٹھ رکنی کمیٹی میں سمال انڈسٹری میں قائم صنعتوں کی نمائندگی ریاض الحق، ثناءاللہ نیازی اور محمد یٰسین کریں گے۔ جبکہ واسا کے ڈپٹی ڈائریکٹر فرقان حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر حیات رندھاوا اپنے محکمے کی نمائندگی کریں گے۔ اسی طرح پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی نمائندگی ریجنل ڈائریکٹر امین الدین اویسی ، ایکسین ورکس اور سب انجینئر محمد رمضان کریں گے۔ واسا کے وائس چیئرمین شیخ شاہد جاوید نے بتایا کہ وہ دراصل بزنس کمیونٹی کے نمائندہ ہیں اور اُن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے 279 ملین روپے کے فنڈ واسا کو اس سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے ٹرانسفر کئے گئے جن میں سے 230ملین خرچ ہوئے جبکہ 49ملین روپے بقایا ہیں جن کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے خرچ کیا جائے گا۔ اس رقم سے مسنگ کنکشن کو مکمل کرنے کے علاوہ منصوبے کی دیگر خامیوں کو دور کیا جائے گا۔ تاکہ اس منصوبے کو باضابطہ طور پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کارپوریشن کے حوالے کیا جا سکے۔ واسا کے علاوہ دیگر مسائل کے حل کیلئے بننے والی کمیٹی بھی ریاض الحق ، ثناءاللہ نیازی، یٰسین ، محمد عمر ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے ریجنل ڈائریکٹر محمد امین الدین اویسی ، افضال احمد اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسر پر مشتمل ہو گی۔ صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ وہ واسا کے ذریعے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے ڈرینز کی صفائی کے علاوہ ملبہ وغیرہ اٹھانے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی خدمات بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسی طرح سیکورٹی کیلئے صنعتکار فنڈز جمع کریں گے جن سے اہلکاروں کی تنخواہوں کے علاوہ گشت کیلئے انہیں موٹر سائیکلیں بھی مہیا کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سٹی پولیس آفیسر سے مل کر متعلقہ تھانے کی پولیس کے گشت کا بھی اہتمام کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题