وزیراعظم کا معیشت کی ترقی اور صحت کارڈ ویژن تعمیر و ترقی کی نئی مثالیں قائم کرے گا،ملک عمر فاروق

Published on February 10, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 41)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا معیشت کی ترقی اور صحت کارڈ ویژن تعمیر و ترقی کی نئی مثالیں قائم کرے گا۔حکومت کھیلوں کے فروغ پر بھرپور یقین رکھتے ہوئے کھیل پر توجہ دے رہی ہے۔فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کی سپورٹس کمیٹی کے زیراہتمام لڈو ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عمر فاروق کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک کھیلوں کے ذریعے ملکی ترقی پا رہے ہیں ایسے ممالک کی تقلید ضروری ہے کیونکہ کھیلوں کو بروئے کار لاکر صحت مند جسم اور صحت مند اذہان ممکن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی مثبت حکمت عملی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے جبکہ پی ایس ایل کے میچز فیصل آباد میں لانے کے لئے عملی کاوشیں جاری ہیں۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس دستور سجاد حیدر منا نے کہا کہ ایف یو جے دستور کے پلیٹ فارم سے انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کے فروغ اور ترقی میں حصہ ڈالنے کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ سجاف اور ایف یو جے دستور کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں کرکٹ میلے نے کھیلوں کے فروغ میں نئی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تفریح طبع کے بہترین مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔چیئرمین سپورٹس کمیٹی دستور فتح اللہ اور صدر سجاف محمد نسیم شاہ نے اپنے خطاب میں بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عملی صحافت کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ایف یو جے دستور کے دیگر عہدیداران اور ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes